چندے گڑھ،کشمیری طلباء کا بھارتی حملوں سے بچنے کے لیے یونین بنانے کا فیصلہ

چندیگڑھ(کے ایم ایس)بھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں پر مسلسل حملوں کے پیش نظر بھارتی شہر چندیگڑھ میں کشمیری طلباء نے متحد ہوکر اپنی ایک یونین بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر سٹوڈنٹس یونین کے بانی طلباء کا کہنا ہے کہ یونین بنانے کابنیادی مقصد چندیگڑھ کے مختلف کالجوں میںزیر تعلیم کشمیری طلباء کی بہبودی کے لیے کام کرنااور ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔ کشمیر سٹوڈنٹس یونین کے بانی ارکان میں سے ایک سید فرمان صفوی نے جو دوآبہ انسٹی چیوٹ میں بی ٹیک کے طالب علم ہیںکہا کہ ہم بھارت کے مختلف علاقوں بالخصوص راجستھان،بنگلور اورحال ہی میں ہریانہ میں حملوں کے بعدکشمیری طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین بنانے کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کشمیری طلباء چندیگڑھ میں خود کو محفوظ محسوس کرسکیں اور اپنے اپنے کالجوں میں انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یونین کے ایک اور بانی رکن عادل بٹ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میںبھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیری طلباء پرحملوں سے چندیگڑھ میں زیر تعلیم کشمیری طلباء میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے اسی لئے یونین بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔