عوامی طاقت سے دوبارہ حکومت بنا کر بے روزگاری کا خاتمہ کرینگے،لطیف اکبر

مظفرآباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ نوجوان کاروبار پر توجہ دیں یہ ملازمت سے زیادہ منافع بخش ہے، تعلیم کا مقصد ملازمت کا حصول نہیں بلکہ اچھا شہری بننا ہونا چاہیے، کسی بھی ریاست میں ہر شخص کو کوئی حکومت ملازمتیں نہیں دے سکتی، پیپلزپارٹی نے بیروزگاری کے خاتمہ کے لیے ہمیشہ مثبت اقدامات کیے، نوجوانوں کو دوزگار کی فراہمی پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے، روزگار صرف سرکاری ملازمتوں میں ہی پوشیدہ نہیں، اپنا اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے پیپلزپارٹی نے قبل ازیں بھی کئی منصوبے لانچ کیے اور انشاء دوبارہ عوامی طاقت سے حکومت بنا کر ریاست سے بیروزگاری کا خاتمہ کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گڑھی دوپٹہ میں معروف کاروباری شخصیت سردار محمد فاروق کی نئی دکان چوہدری بکڈپو کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں پر موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر، سابق وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، سابق مشیر حکومت مبشر منیر اعوان،سابق ایڈمنسٹریٹر راشد نقوی، پی پی رہنما چوہدری محمد یعقوب، الیاس اعوان، چوہدری گلزار، ٹھیکیدار محمد سلیم،، چوہدری خالد محمود، پی پی کے بزرگ تھانیدار(ر) افسر اعوان، تاجر رہنما نذیر عباسی، قربان شاہ، خالد قریشی، سردار محمد اشرف، سرداراصغر، چوہدری عجائب حسین، ضمیر گجر، چوہدری نذیر، چوہدری کرمدین، چوہدری عابدسمیت بڑی تعداد میں پی پی کارکنان بھی موجود تھے، چوہدری لطیف اکبر نے سردار محمد فاروق کی دکان چوہدری بک ڈپو کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، اور کاروبار میں برکت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں، قبل ازیں چوہدری لطیف اکبر کے گڑھی دوپٹہ پہنچنے پر چوہدری محمد رشید، مبشر منیر اعوان، راشد نقوی، سردار محمد فاروق کی قیادت میں شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی، افتتاح کے بعد چوہدری لطیف اکبر نے موقع پر موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں نا ہی دور جدید کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، البتہ تعلیم کا مقصد صرف سرکاری ملازمت کا حصول نہیں ہونا چاہیے، تعلیم یافتہ شخص اچھا شہری ہوتا ہے، کاروبار پر خصوصی توجہ دی جائے، اگر کاروبار دیانتداری سے کیا جائے تو یہ عبادت بھی ہے اور دنیا میں بھی خوشحالی دیکھی جا سکتی ہے، کاروبار ملازمت سے زیادہ منافع بخش کام ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا منشور روٹی کپڑا اور مکان ہے، یہ تینوں چیزیں تب مل سکتی ہیں جب روزگار ہو، اسی لیے پیپلزپارٹی نے پاکستان اور آزادکشمیر میں جب بھی حکومت بنائی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا، انشاء اللہ 2018 میں ایک بار پھر نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان اور 2021 میں آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی عوامی طاقت سے حومتیں بنانے میں کامیاب ہوگی، اور پھر ملک پاکستان اور آزادکشمیر سے بیروزگاری کا خاتمہ کرینگے، انہوں نے سردار محمد فاروق کو گڑھی دوپٹہ میں جدید طرز اور اعلیٰ معیار کے مطابق بکڈپو اوپن کرنے پر مبارکباد دی۔
