پنجاب حکومت کا ضلع اٹک کیلئے اعلان کردہ ہسپتال تحصیل جنڈ میں بنانے کا مطالبہ 

اسلام آباد (صدیق فخر سے) پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع اٹک کیلئے200 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات پر مبنی ہسپتال بنانے کا اعلان کیا گیا تاکہ ضلع اٹک کی عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر ہو سکیں، جس کا اعلان کا سنتے ہیں ضلع اٹک کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس سلسلے میں تحصیل جنڈ کی عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ہسپتال تحصیل جنڈ میں بنایا جائے۔ اٹک میں پہلے ہی ڈسٹرکٹ ہسپتال موجود ہے، جبکہ حضرو بھی قریب اٹک اور کامرہ کے قریب ہے جہاں پر بہت سے سرکاری و نجی ہسپتال موجود ہیں جہاں پر عوام کو بہتر طبی سہولیات سہولیات میسر ہیں جبکہ تحصیل فتح جنگ اور حسن ابدال بھی راولپنڈی سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں جہاں پر عوام کو ہر طرح کی طبی سہولیات مل سکتی ہیں۔ ضلع اٹک کی واحد تحصیل جنڈ ہے جو سب سے بڑی تحصیل ہے اور جس کی آبادی بھی زیادہ  ہے اور رقبہ بھی دور دور تک پھیلا ہوا ہے۔ جہاں کے لوگوں کو طبی سہولیات کیلئے کئی سو کلو میٹر دور راولپنڈی یا پھر اٹک شہر جانا پڑتا ہے۔ تحصیل جنڈ میں یہ ہسپتال بنانے سے تحصیل پنڈی گھیب کے لوگ بھی مستفید ہو سکیں گے کیونکہ سی پیک کی وجہ سے پنڈی گھیب سے جنڈ کا سفر بھی منٹوں میں بدل جائے گا۔ اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیر صحت پنجاب و دیگر سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ہسپتال تحصیل جنڈ میں بنایا جائے تاکہ پسماندہ ترین تحصیل کی عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔