پنجاب کے10 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن، اٹک ۔۔۔۔۔؟
اٹک(صدیق فخر سے) الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے10 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی مختلف خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ، جس میں ضلع گجرات، ڈی جی خان، فیصل آباد، جھنگ، خانیوال، جہلم، راجن پور، مظفر گڑھ، ملتان اور بہاولنگر کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہو گا۔ جس میں میئر ملتان، ڈپٹی میئر ڈی جی خان، چیئرمین میونسپل کمیٹی جڑانوالہ، شورکوٹ اور جہانیاں، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹیز پنڈ دادنخان، کوٹ مٹھن اور خان گڑھ کی نشست پر بھی انتخاب ہو گا،ضمنی الیکشن17 اپریل کو ہوں گے جبکہ امیدوار کاغذات نامزدگی 20 اور21 مارچ کو جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 25 اور26 مارچ کو کی جائے گی جبکہ ریٹرننگ افسران 19 اپریل کو نتائج کا اعلان کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضلع اٹک کی وائس چیئرمین کی خالی نشستوں پرالیکشن کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ ضلع اٹک کے دونوں وائس چیئرمین کی نشستوں کئی ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہیں ۔ ضلعی وائس چیئرمین کی پہلی نشست وائس چیئرمین سردار عارف خان کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی تھی جبکہ دوسری نشست وائس چیئرمین ملک جمشید الطاف کے جنرل الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی جو کہ اب پی پی 5 سے ممبر صوبائی اسمبلی ہیں۔ذرائع کے مطابق تاحال الیکشن کمیشن کو کوئی اطلاع نہیں ہے کہ ضلع اٹک کی وائس چیئرمین کی دونوں نشستیں خالی ہیں جس کی وجہ سے ضلع اٹک میں ضلعی وائس چیئرمین کی کئی ماہ سے خالی نشستوں پرالیکشن شیڈول جاری نہیں ہو سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وائس چیئرمین سردار عارف خان کی فوتگی کا سرٹیفکیٹ بھی جمع نہ ہو سکا اور نہ ہی الیکشن کمیشن کے پاس موجودہ ایم پی اے ملک جمشید الطاف کا استعفیٰ پہنچا ہے جس کی وجہ سے ضلع اٹک میں ضلعی وائس چیئرمین کی نشست پر ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا جا رہا ۔علاوہ ازیں ملک حمید اکبر خان کی چھوڑی ہوئی کسان نشست پربھی تاحال ضمنی بلدیاتی الیکشن نہیں ہو سکے اس بارے بھی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا استعفیٰ تاحال الیکشن کمیشن تک نہیں پہنچا جس کی وجہ سے اس پر بھی تاحال ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری نہیں ہو سکا۔
