یوم مزدور پر حسن ابدال میں مختلف تنظیموں کی طرف سے تقریبات کا انعقاد 

حسن ابدال: شکاگو کے شہداء کی یاد اور اپنے حقوق کی جدوجہد کے لئے ملک بھر کی طرح حسن ابدال میں بھی مزدور تنظیموں نے مختلف پروگرام ترتیب دیے۔ پاکستان ورکر فیڈریشن کے زیر اہتمام چیئرمین پاکستان ورکر فیڈریشن ٹیکسٹائل وینگ منیر حسین بٹ نے مزدور رہنما سعید احمد اور محمد ریاض ملک کے ہمراہ پریس کلب حسن ابدال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں یوم مزدور ہر سال منایا جاتا ہے مگر مزدور کو اس کا حق آج کئی سال گزرنے کے بعد بھی نہیں دیا جارہا۔ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام میں مزدور کا استحصال کیا جاتا ہے اور انہیں فیکٹری چلانے کے لئے ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کے عوض ان کو آج تک  معقول تنخواہ نہیں دی جا سکی اور نہ ان کو دیگر حقوق دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر آنے والی حکومت مزدوروں کو سہانے خواب دکھاتی ہے مگر ان کے مسائل کو حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ان کا کہنا تھا  کہ آج بھی مزدور کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہے اور اسے دو وقت کی روٹی مشکل سے میسر آتی ہے لیکن ان کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ نہیں دیا جارہا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں مزدور کی تنخواہ نہ صرف بڑھائی جائے بلکہ قانون میں درج تمام حقوق انہیں دلوانے کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔بعد ازاں کے ایس بی شاہین لیبر یونین۔پاکستان لیبر فیڈریشن اور دیگر مزدور تنظیموں کے زیر اہتمام ایک ریلی بھی نکالی گئی جس کا آغاز دربار خواجہ نگر سے ہوا جبکہ اڈا لاریاں پر پہنچ کر ریلی نے جلسہ کی شکل اختیار کرلی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین شاہین لیبر یونین ملک محمد سرور۔صدر مزدور یونین  لیاقت بٹ۔سماجی کارکن حافظ یوسف توحیدی۔جنرل سیکرٹری یونین فیصل اسحاق۔سماجی کارکن ذیشان مسعود اور دیگر مزدور راہنماؤں نے کی جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیراحمد کی جانب سے بھی مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں خصوصی شرکت کی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں مزدور کا استحصال کیا جا رہا ہے۔سرمایہ دار ہر دور میں مزدور کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتا ہے اور اس کے حقوق چھین لیتا ہے مگر کوئی حکومت مزدور کے حق میں آواز بلند نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو تمام سہولیات میسر ہوتی ہیں جبکہ ملوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدور سے نہ صرف 12 گھنٹے تک غیر قانونی طور پر کام لیا جاتا ہے بلکہ اسے معاوضے کے طور پر بھی انتہائی کم تنخواہ دی جاتی ہے جس کی وجہ سے مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائیں اور مزدور کو صحت اور رہائش کی سہولیات سمیت دیگر حقوق بھی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں  اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے مزدوروں کے حق میں اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نعرہ بازی بھی کی اور انہوں نے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نعرے درج تھے۔