میونسپل کمیٹی پنڈی گھیب کے آمدہ انتخابات میں انتہائی دلچسپ صورتحال 

پنڈی گھیب :میونسپل کمیٹی پنڈی گھیب کے آمدہ انتخابات میں انتہائی دلچسپ صورتحال کے آثار پیدا ہوگئے، مقامی سطح پر برسوں سے دو بڑے سیاسی حریف پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم پر تاحال ڈٹے رہنے والے سابق صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان کی شہر میں سیاسی صورتحال غیر واضح ہے ، تفصیلات کے مطابق پنڈی گھیب شہر کی سیاست میں کئی برسوں سے نوابزادہ ملک اولیاء خان گروپ اور ملک لیاقت خان گروپ باہم حریف رہے ہیں اور اس سیاسی کشمکش کی وجہ سے متعدد خاندانوں کے درمیان عداوت کی بھی لکیر قائم ہے لیکن محبت کی دیوی نے بظاہر ان دونوں حریف گروپوں کو پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر لاکھڑا کر دیا ہے ملک لیاقت علی خان کے بڑے بھائی کرنل (ر) ملک محمد انور خان پنجاب کی کابینہ میں وزیر مال ہیں جبکہ ملک اولیاء خان کے کزن اور پی ٹی آئی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک خرم علی خان ، وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کے دست راست ہیں اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ یہ دونوں گروپ اقتدار کی زلف دراز کے کتنے اسیر ہوتے ہیں تاہم ضلعی اور تحصیل سطح کی سرکاری تمام اہم میٹنگز اور تقریبات میں دونوں راہنما مدعو ہوتے ہیں دوسری طرف نوابزادہ ملک اولیاء خان اور نواب آف کوٹ فتح خان ملک عطاء محمد خان کے خاندان کے چشم و چراغ چوہدری شیر علی خان تا حال مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم پر پوری طرح ڈٹے ہوئے ہیں ۔