شہری کو حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کرنے پر ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ درج
تھانہ نیو ایئر پورٹ کے ایس ایچ او نے قطبال کے رہائشی اور اس کے دوستوں کوحبس بے جا میں رکھا
اسلام آباد (صدیق فخر سے) قطبال کے رہائشی نقاش اشرف خان اور اس کے دوستوں کو7 دن تک حبس بے جا میں رکھنے ، تشدد کرنے اور جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے پر تھانہ نیو ایئر پورٹ کے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کیخلاف انکوائری میں قصور ثابت ہونے پر مقدمہ درج۔
تفصیلات کے مطابق قطبال کے رہائشی نقاش اشرف خان نے درخواست دی تھی کہ مجھے اور میرے دوستوں کو تھانہ نیو ایئر پورٹ پولیس نے ایک جھوٹی ایف آئی آر ہم پر ڈال کر ہمیں 7 دن تک حبس بے جا میں رکھا گیا اور ہم پر بہت زیادہ تشدد کیا گیا جو شاید کسی دہشت گرد کے ساتھ بھی نہ کیا گیا ہو جس کی میڈیکل رپورٹ ہمراہ لائے ہیں ۔
سات دن کے بعد عدالت میں ایک ڈکیتی کی واردات میں پیش کیا گیا جس پر سیشن جج نے ہمیں باعزت بری کر دیا۔ تھانہ نیو ایئر پورٹ والوں نے 26 جون2019ء کو ایک جھوٹی ایف آئی آر دیکر ہمیں اور مزید مقدمہ میں پھنسا دیا جس پر ہم خود نہیں بلکہ پورا گائوں اس بات کا گواہ ہے ہم بے قصور ہیں اور ہم پر بے جا تشدد کیا گیا اور ہمیں آئندہ بھی اس بات کا ڈر ہے کہ ہمارے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی کرے گا لہٰذا استدعا ہے کہ ان پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
جس پر اظہر شبیر ڈی ایس پی پولیس ہیڈ کوارٹر اٹک نے انکوائری کی ۔ انکوائری رپورٹ میں ایس ایچ او عابد حسین تھانہ نیو ایئر پورٹ، مظہر عباس اے ایس آئی تھانہ نیو ایئر پورٹ ، محمد سہیل محرر تھانہ نیو ایئر پورٹ، کانسٹیبل امتیاز شاہ، کانسٹیبل محمد عابد تھانہ نیو ایئر پورٹ، خادم حسین چوکی مورت قصور وار ثابت ہوئے۔ جس پر قصور واران کے خلاف حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اس موقع پر نقاش خان نے پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اسے انصاف فراہم کیا۔ انہوں نے اپنے گائوں کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس کا ساتھ دیا اور حق و سچ کی فتح ہوئی۔ انہوں نے اپنے گائوں اور تمام سیاسی لیڈروں سمیت تمام دوست احباب کا شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں ساتھ کھڑے تھے اور ہر ممکن تعاون کیا۔
