موجودہ حالات میں تو ہر طبقہ ہی سراپا احتجاج ہے، شیخ آفتاب احمد 

سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

 مزدور، کسان،سرکاری ملازمین، اساتذہ، ڈاکٹرز سمیت کاروباری لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں

اٹک(نمائندہ اٹک نیوز) سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اس وقت حالات کا تقاضا اور ملکی حالات میں بہتری کا واحد راستہ عوامی رائے ہے کیونکہ اس تبدیلی نے سب سے زیادہ عوام کو ہی متاثر کیا ہے اس لئے اب عوام سے رجوع کیا جائے تاکہ وہ فیصلہ دیں کہ وہ کس کو اپنا مسیحا سمجھتے ہیں اور پھر ان کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جانا چاہئے ۔

 

موجودہ حالات میں تو ہر طبقہ ہی سراپا احتجاج ہے مزدور، کسان،سرکاری ملازمین، اساتذہ، ڈاکٹرز سمیت کاروباری لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ آزادی مارچ کے راستوں میں لوگوں نے جس طرح استقبال کیا اور مارچ کا حصہ بنے وہ ان کا حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔

 

 لوگوں کو اس مارچ سے امیدیں وابستہ ہیں کہ یہی ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کہتے ہیں کہ سابقہ حکومت نے مصنوعی طریقے سے مہنگائی کو کنٹرول کیا ہوا تھا اگر ایسا ہی تھا تو وہ مصنوعی طریقہ آپ کو بھی اختیار کرنا چاہیے تھا تاکہ عوام مہنگائی کے اس طوفان میں ڈوبنے سے بچ جاتی۔ نواز شریف نے مصنوعی طریقے سے ہی ملک کو اندھیروں سے نکالا، سی پیک جیسے عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا۔ مہنگائی کو کنٹرول کیا، ڈالر کی قیمت میں اضافے کو روکے رکھا، پیٹرول کی قیمتوں میں تاریخ ساز کمی کی۔ بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی لیکن آج آپ کی جھوٹی تبدیلی نے سب کچھ تباہ و برباد کر دیا۔ ہم نے آپ کو نہیں کہا تھا کہ قوم سے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کریں اب لوگ پوچھتے ہیں کہ وہ پہلے سو دن کا پروگرام کدھر گیا اب تو کئی سو دن گزر چکے ہیں ہر گزرتے دن کے ساتھ معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں لوگ فاقوں کا شکار ہو چکے ہیں قوت خرید میں کمی ہو چکی ہے۔

 

 ایسے حالات میں یہ آزادی مارچ لوگوں کے لئے امید کی کرن بن گیا ہے اب لوگ اس نام نہاد تبدیلی کو مزید برداشت نہیں کر سکتے اسی لئے وہ اس حکومت سے استعفیٰ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اٹک سے لوگوں کی نے جس طرح بہت بڑی تعداد میں آزادی مارچ میں شرکت کی میں ان کا مشکور ہوں۔ اور قائدین جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ملکی مفاد اور عوامی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔