حضرو،پولیس کی کارروائی، اسلحہ برآمد، 3 ملزمان گرفتار

کرولا کار سے 17 پسٹل 30 بور، 6 پسٹل 9 ایم ایم ، 2 رائفلیں 12 بور شارٹ گن، 84 پسٹل میگزین، 350 گولیاں برآمد
حضرو (اٹک نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے پر اسلحہ کی بھاری مقدار موٹر وے پولیس نے پکڑ کر 3 ملزمان تھانہ حضرو پولیس کے حوالہ کر دیئے، تھانہ حضرو پولیس نے ان ملزمان کی گرفتاری اپنے کھاتے میں ڈال لی، موٹروے پولیس اور اٹک پولیس نے الگ الگ پریس ریلیز میں ملزمان کی گرفتاری کو اپنے کھاتے میں ظاہر کر دیا تفصیلات کے مطابق موٹروے پر صوابی کے قریب دوران پٹرولنگ موٹروے پولیس کے افسران نے کرولا کار جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہی تھی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا لی جس پر کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد مذکورہ گاڑی کو روک لیا گیا ۔
موٹروے پولیس کو ڈرائیور کی حرکات پر شک گزرا جس پر گاڑی کی تلاشی لی گئی اور گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ جس میں 17 پسٹل 30 بور، 6 پسٹل 9 ایم ایم ، 2 رائفلیں 12 بور شارٹ گن، 84 پسٹل میگزین، 350 گولیاں شامل ہیں موٹروے پولیس نے اسلحہ برآمد کر کے 3 ملزمان جن میں بلال ولد نذیر، حسین شیر ولد رحیم شاہ، ساجد خان ولد غالب شیر شامل ہیں کوگرفتارکرلیا مزید قانونی کارروائی کے لئے ملزمان بمع اسلحہ پولیس سٹیشن حضرو کے حوالے کر دیا گیا ہے افسران کی کامیاب کاروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے افسران کے لئے تعریفی اسناد اور کیش ایوارڈ کا اعلان کیاہے یہ پریس ریلیز آفیسر تعلقات عامہ موٹروے زون ثاقب وحید (03345471007) نے جاری کی۔
جبکہ اٹک کے تھانہ حضرو (0572311128) جن کے حوالہ ملزمان کیے نے بھی یہ کاروائی اپنے کھاتے میں ڈالتے ہوئے میڈیا کو خبر جاری کی کہ ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر اسلحہ کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران ڈی ایس پی حضرو اسلم ڈوگر کی زیر نگرانی، ایس ایچ او تھانہ حضرو صاحب خان کی قیادت میں انچارج چوکی لکوڑی اے ایس آئی عابد علی اور عملہ نے مخبر کی اطلاع پر چھچھ انٹر چینج سروس روڈ پر ناکہ بندی کر کے دریائے سندھ کی جانب سے آنے والی کرولا کار کو روک کر پڑتال کرنے پر کار کے خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں 17 پسٹل 30 بور، 2 رائفلیں 12 بور، 6 پسٹل 9 ایم ایم ، 350 گولیاں ، 84 میگزین برآمد کر کے 3 ملزمان حسن شیر ولد رحم شیر، بلال ولد شاہ نظر اور سجاد خان ولد غالب خان سکنائے پشاور کو گرفتار کر کے ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ وہ کے پی کے سے پنجاب ناجائز اسلحہ کی سمگلنگ کا دھندہ کرتے ہیں پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔
