درخت لگانا سنت نبوی ﷺ ہے اور عین عبادت ہے،سید یاور بخاری
اٹک( ڈیلی اٹک نیوز)چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ درخت لگانا سنت نبوی ﷺ ہے اور عین عبادت ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کااظہار اٹک میں پلانٹ فار پاکستان کی تقریب کا افتتاح کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، اے ڈی سی آ ر چوہدری عبدالماجد،ڈی ایف او اٹک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سید یاور عباس بخاری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گر ین مہم کے تحت شجر کاری ،صفائی اور انسداد تجاوزات مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں ضلع بھر کے افسران اپنا کر دار ادا کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں اٹک میں اس سال 1,40,000 سے زائد پودے لگائے جارہے ہیں ۔اس اہم مہم میں تمام سر کاری ،نیم سر کاری اور نجی ادارے اپنی کاوشیں کر رہے ہیں۔ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ تحصیل سطع پر اسسٹنٹ کمشنرز اس اہم مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔چیئر مین پی اے سی نے اس موقع پر ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی کلین اینڈ گر ین مہم کے دوران کا وشوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ایسی کاوشیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
