اٹک میں بھی یوم نفاذ اردو کے موقع پرتقریب کا انعقاد

اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز ) تحریک نفاذ اردو پاکستان ( تناپ ) کے زیر اہتمام پورے ملک میں یوم نفاذ اردو کے عنوان سے منایا گیا ۔
اسی مناسبت سے تحریک نفاذ اردو ضلع اٹک کی طرف سے بلدیہ ہال اٹک میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ملک کے معروف قانون دان اور تحریک نفاذ اردو ضلع اٹک کے سرپرست شیخ احسن الدین نے کی جبکہ معروف ماہر تعلیم ، ادیب و شاعر مشتاق عاجز مہمان خصوصی تھے پیراماؤنٹ پبلک سکول اٹک کے پرنسپل الحاج سید محمد عقیل نقوی مہمان اعزاز تھے معروف صحافی اور افسانہ نگار ارشاد علی ، ڈاکٹر قاضی امجد حسین، ملک مشتاق عاجز، شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے آج کے دن کی مناسبت سے خطاب کیا۔
تقریب میں دانتوں کے معروف معالج و جراح قاضی امجد حسین کو دانتوں اور منہ کی بیماریوں اور ان کے علاج پر اردو میں لکھی گئی لاجواب کتاب دانت اور ہم لکھنے پر اور معروف معالج ڈاکٹر ملک عبادت خان کو اپنے پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا پراسپیکٹس اور دیگر فارم اور نصاب اردو میں مرتب کرنے پر اور معروف سماجی شخصیت، اٹک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر طارق محمود کو سماجی خدمات کے اعتراف میں تحریک کی طرف سے یادگاری تختی اور اعزازی تمغہ سے نوازا گیا تقریب میں تمام شعبہَ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر قومی زبان اردو کو تعلیمی، دفتری اور عدالتی زبان قرار دینے کا پر زور مطالبہ کیا تقریب کے منتظمین ڈاکٹر شجاع اختر اعوان ، طاہر اسیر نے بھر پور شرکت پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
