بچیوں کی عصمتوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرینگے، چھچھ محافظ کمیٹی

بچیوں کی عصمتوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرینگے، چھچھ محافظ کمیٹی

اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز ) چھچھ محافظ کمیٹی گورنمنٹ گرلز کالج حضرو میں طالبہ و کلرک واقعہ پر میدان عمل میں اتر آئی، ڈی سی، ڈی پی او اٹک اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سے ہنگامی ملاقاتیں 

علاقہ چھچھ میں امن و امان کی بحالی اور بچیوں کی عصمتوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں گے، محافظ کمیٹی ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق چھچھ محافظ کمیٹی کے سینئر عہدیداران پر مشتمل وفد کی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ڈی سی اٹک علی عنان قمر ، ڈی پی او خالد ہمدانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عثمان صدیقی سے اہم ملاقاتیں کیں جن کا بنیادی مقصد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج حضرو میں کلرک ذیشان اور فرسٹ ایئر کی طالبہ کیس کے حوالہ سے چھچھ کے عوام اور طالبات کے والدین کے تحفظات پیش کرنا تھا۔

 

وفد میں مولانا مسعود اختر ضیاء، مولانا قمر الاسلام،حاجی عارف حسین، نثار علی خان ،نصیر جدون، قاسم وردگ ، طاہر پرویز ، ارشد محمود، میاں صداقت علی، سکھراج مسیح اور ساجد محمود شامل تھے اس موقع پر ڈی سی اٹک نے کہا کہ کالج کی طالبات ہماری بچیاں اور بہنیں ہیں ، انہیں بہتر تعلیم سہولیات کے ساتھ ساتھ پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے جس سے سینکڑوں طالبات اور ان کے گھرانے اضطراب کا شکار ہوئے ، چھچھ محافظ کمیٹی کا اس ایشو کے حوالہ سے میرے پاس آنا ایک قابل ستائش عمل ہے، یقین دلا ہوں بحیثیت ڈی سی اس کیس کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بعد ازاں وفد نے ڈی پی او خالد ہمدانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مذکورہ کیس کے حوالہ سے بلا تفریق انصاف کے تقاضوں کے مطابق کلرک اور ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ، اس موقع پر ڈی پی او نے سی ایم سی وفد کو یقین دلایا کہ ناصرف اس واقعہ کی شفاف ترین انکوائری عمل میں لائی جائے گی بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھا کر طالبات کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے گا اور سکول شروع ہونے اور چھٹی کے اوقات میں پولیس نفری تعینات کی جائے گی نیز مشکوک اور اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا ۔ وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عثمان صدیقی کے ہمراہ گورنمنٹ گرلزکالج حضرو کا دورہ کیا اور کیس کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پروفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سے استدعا کی کہ کلریکل سٹاف کی بلڈنگ کی کھڑکیوں ،دروازوں اور برآمدے کے سامنے پردے لگائے جائیں تاکہ گراوَنڈ میں موجود طالبات کی ان پر نظر نہ پڑے اور بے پردگی نہ ہو ۔