یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کا نہیں کورونا کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے کا ہے، بلاول

یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کا نہیں کورونا کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے کا ہے، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  زرداری کا کہنا ہے کہ یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کرنے کا نہیں ہے،کورونا سے لڑنے کے لیے سب کو مل کرمشترکہ حکمت عملی طےکرنا ہوگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت تنقید، الزامات اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں، ضرورت ہے کہ ملک بھر میں مل کر اقدامات کیےجائیں، ہم سب کو مل کر مشترکہ حکمت عملی طےکرنا ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  ہرپاکستانی کوکورونا وائرس کوسنجیدگی سے لینا چاہیے، اس سے جان کو خطرات فلو سے کہیں زیادہ ہیں، کورونا صرف بزرگوں اور بیمار لوگوں کو متاثر نہیں کرتا، اس کی وجہ سے  دو لوگ انتقال کرگئے ہیں۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ تفتان سے 302 افراد سندھ آئے جن میں سے 151 میں وائرس کی تصدیق ہوئی آج بھی وفاقی حکومت کو کہتے ہیں ہمیں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، اس وقت ملک میں کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرے۔انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی سندھ حکومت یقینی بنائےکہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو نہ نکالاجائے، تمام نجی اداروں کو بھی پابند کیا جائے کہ کسی کی تنخواہ نہ روکی جائے، ملازمین اگر نہیں بھی آرہے تو ان کو بھی پوری تنخواہ دی جائے۔

 

'غریب طبقے کو یقین دلاتاہوں سندھ حکومت آپ کو سنبھالےگی
بلاول کا کہنا تھا کہ غریب طبقے کو یقین دلاتاہوں سندھ حکومت آپ کو سنبھالےگی اور راشن بھی دےگی، مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ ہماری مدد کریں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت پر بھی بہت برے اثرات آئیں گے، معیشت کو سنبھالنے کے لیے بہت سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔