پھیری اور آئسکریم بیچنے والوں پر بھی پابندی لگائی جائے، سماجی حلقے

اٹک(صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز) ضلع بھر میں پھیری اور آئس کریم والے موجودہ صورتحال میں انتہائی خطرناک،ڈپٹی کمشنر اٹک، ضلعی انتظامیہ، ڈی پی او اٹک سےنوٹس لینے کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں جس کیلئے دفعہ144 بھی نافذ کی گئی ہے، مذہبی، شادی بیاہ ودیگر تقریبات پر پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں دوسری طرف مختلف شہروں میں مارکیٹیں اور ہوٹلیں تک بند کروا دی گئی ہیں ، مختلف علاقوں میں لاک ڈائون جیسی صورتحال بن چکی ہے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کا واحد ذریعہ احتیاط ہے، جس پر تمام شہری عمل کر کے اس وبائی امراض کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں ۔
اس خطرناک صورتحال میں پھیری والے، مختلف چیزیں بیچنے والے ، آئسکریم بیچنے والے تاحال گلی محلوں دیہاتوں میں آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جوہر دن میں کئی کئی دیہات گھومتے ہیں، جس کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان افراد کی وجہ سے بھی کورونا وائرس پھیل سکتا ہے ۔ سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، ضلعی انتظامیہ اٹک، ڈی پی او اٹک سے اپیل کی ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ پھیری والوں اور آئسکریم بیچنے والوں پر بھی کیا جائے اور انہیں اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ جب تک صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی اس وقت تک ان پر بھی پابندی کا اطلاق ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی دیہات ، گائوں، گلی محلے میں چیزیں بیچنے سے گریز کریں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے بچایا جا سکے۔
