پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 130 کیسز آگئے، مجموعی تعداد 625 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 130 کیسز آگئے، مجموعی تعداد 625 ہوگئی

سندھ میں 40، پنجاب میں 41، گلگت بلتستان میں 34، بلوچستان میں 10، خیبر پختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں ایک نیا کیس سامنے آیا، ایک مریض صحتیاب بھی ہوا

 پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 625 ہوگئی ہے جبکہ اب تک ملک میں کورونا وائرس سے 3 افراد ہلاک جبکہ پانچ صحت یاب ہوچکے ہیں۔جمعے کو رات 12 بجے تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 495 تھی جو مزید 130کیسز سامنے آنے کے بعد 625 تک پہنچ گئی ہے۔ہفتے کو 130 نئے کیسز میں سے سندھ میں 40 ، پنجاب میں 41 ،گلگت بلتستان میں 34، بلوچستان میں 10،  خیبر پختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔ ہفتے کو اسلام آباد میں زیر علاج ایک مریض صحتیاب بھی ہوا جس کے بعد اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں 2، حیدرآباد میں ایک اور اسلام آباد میں ایک مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔پاکستان میں کورونا سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے 2 خیبر پختونخوا اور ایک کراچی میں ہوئی ہے۔

 

سندھ

سندھ میں ہفتے کو مزید 40 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 292 ہوگئی ہے۔اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت نے جو اعداد و شمار جاری کیے تھے، ان کے مطابق  تفتان میں موجود 291 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ  کراچی میں مزید 3 نئے کیسز کے بعد  مجموعی طور پر 104اور حیدرآباد میں ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔

سندھ حکومت کی اعدادو شمار کی غلطی پر معذرت
تاہم اب سندھ حکومت نے اعداد و شمار میں غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کرلی ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد396 نہیں بلکہ 292 ہے، سکھر میں موجود تفتان سے آنے والے187 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ  کراچی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 105 ہے جبکہ اس وقت 288 مریض زیرعلاج ہیں۔ترجمان کے مطابق سندھ میں 3 مریض صحت یاب ہوئے ہیں،  جن میں سے 2 کا تعلق کراچی اور ایک کا  حیدرآباد سے ہے۔گزشتہ روز کراچی میں وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جو پاکستان میں تیسری ہلاکت ہے۔

پنجاب
پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور پنجاب حکومت کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 41 کیسز سامنے آنےکےبعد مریضوں کی مجموعی تعداد 137 ہوگئی ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق پنجاب کے اندر کورونا وائرس کے تصدیق شدہ 137 کیسز میں سے 106 ڈی جی خان قرنطینہ مرکز، لاہور میں 20 گجرانوالہ میں 4 راولپنڈی میں 1ملتان میں 1 اور جہلم میں 2 کیسز ہیں جب کہ مزید 3 کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں ہفتے کے روز کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی چیف سیکرٹری کی جانب سے کی گئی ہے۔چیف سیکرٹری کےمطابق صوبے میں اب تک 103 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے میل جول پرپابندی ہے،  یہ وائرس میل جول سے پھیلتا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں محدود رہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملائیشیا سے آنے والے 41 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،  متاثرہ شخص کو پولیس سروسز اسپتال قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ باڑہ روڈ کے رہائشی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، متاثرہ شخص 9 مارچ کوعمرہ کی ادائیگی کرکے واپس آیا تھا اور اس کی عمر 46 سال ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نےکہا کہ صوبے میں شادی ہالز، اتوار بازار  اور مویشی منڈیاں بند رہیں گی جب کہ 5 اپریل تک تمام ریسٹورنٹس پر بیٹھ کرکھانا نہیں کھا سکتے وہاں سے لے جاسکتے ہیں۔

گلگت
گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور مزید 34 کیس سامنے آنے کے بعد کل تعداد 55 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد
 اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے۔