ضلع بھر میں تاجربرادری حکومتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے کوشاں

اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز) ڈپٹی کمشنر اٹک کی ہدایت پر کورونا وائرس کے سلسلہ میں پنجاب کے 36 اضلاع کی طرح اٹک کی 6 تحصیلوں
جنڈ ، پنڈیگھیب ، فتح جنگ ، حسن ابدال ، حضرو ، اٹک اور تین کنٹونمنٹ بورڈز اٹک ، سنجوال اور کامرہ کینٹ سمیت بڑے قصبوں ، تجارتی مراکز میں پنجاب حکومت کے لاک ڈاون کے فیصلہ پر ضلع بھر کی تاجر برادری نے لبیک کہتے ہوئے مارکیٹیں بند رکھیں تاہم بعض گلی محلوں میں تاجروں نے حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی ۔
اٹک کی تاریخ کے انتہائی متحرک اور ایماندار ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور ان مقامات کی تحصیل انتظامیہ ، بلدیہ ، محکمہ صحت ، تحصیل کونسلوں اور دیگر سرکاری افسران کو ہدایات دیں ان کے موَثر اقدام سے ضلع بھر کی صورتحال بہت بہتری کی جانب گامزن ہے شہریوں نے پنجاب حکومت کے 2 روزہ لاک ڈائون کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے حکومت کے تمام فیصلوں کی پابندی کا عہد کیا ہے مارکیٹیں ، پارک، تفریحی مقامات ویرانے کا منظر پیش کر رہے تھے اور ایسی شاہرائیں جن پر روڈ کراس کرنا محال ہوتا تھا لاک ڈائون کے سبب ان پر اُلو بول رہے تھے ضلعی صدر مقام اٹک سمیت ضلع بھر کے تمام کاروباری مراکز کو مکمل بند رکھتے ہوئے شہری گھروں میں مقید ہو گئے اور ہر قسم کی سرگرمیوں کو بند کر دیا گیا۔
اس سلسلہ میں ضلع اٹک کی 6 میونسپل کمیٹیوں اور ریسکیو 1122 کے عملہ نے ضلعی تحصیل صدر مقام اور بڑے قصبات میں فائر بریگیڈ گاڑی کی مدد سے کلورین ملے پانی کا سپرے بھی کیا جاتا رہا کرونا وائرس کے پیش نظر ایک جانب تمام ملک میں شادیوں اور تمام مذہبی تقریبات پر پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو روانہ کرنے کیلئے مسلسل عمل پیرا رہے ۔
