کورونا، پنجاب میں متاثرہ مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد ملک بھر سے سر فہرست 

کورونا، پنجاب میں متاثرہ مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد ملک بھر سے سر فہرست 

پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں، ملک بھر میں کیسز کی تعداد سے 1400 سے تجاوز،آج بروز ہفتہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 42 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں اب تک پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد  1415تک جا پہنچی ہے۔پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں لاہور میں 3، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی جب کہ خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔آج بروز ہفتہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 42 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

 

پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کےمطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 497 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ لاہور میں 116 گجرات 51، جہلم 19، راولپنڈی 15، گوجرانوالہ 9، فیصل آباد 9، ڈی جی خان 5، ملتان 3، منڈی بہاوالدین 4 اور  سرگودھا،میانوالی، ننکانہ صاحب، نارووال میں 2 جب کہ  رحیم یار خان، اٹک اور  بہاولنگر میں ایک ایک کیس ہے۔اس کے علاوہ خوشاب میں ایک، ملتان میں 48 اور ڈی جی خان میں 207 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 5 ہے۔خیال رہے کہ جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔میو اسپتال کے کورونا وارڈ میں 73 سالہ مریض کی طبیعت بگڑی تو عملے نے بجائے آکسیجن یا دوا دینے کے اسے بیڈ سے باندھ دیا جس پر مریض چیختا چلاتا رہا اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 5 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 3 لاہور ، ایک فیصل آباد اور ایک مریض کا راولپنڈی میں انتقال ہوا۔ 

 

سندھ
سندھ میں آج بروز ہفتے اب تک کورونا وائرس کے 17 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم صوبائی ترجمان کی جانب سے ان کیسز کی تصدیق ابھی نہیں کی گئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں مزید 17 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 440 سے بڑھ کر 457 ہوگئی ہے۔سندھ میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے تھے جن میں 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے تھے اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔گزشتہ روز کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 ہوگئی جب کہ حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

اسلام آباد
ہفتے کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 12 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جن کی تصدیق ضلعی حکومت کی جانب سے تاحال نہیں کی گئی البتہ سرکاری پورٹل پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد شہر میں کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے اب تک 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے تاہم صوبائی ترجمان نے ان کیسز کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں آج ہفتے کے روز اب تک کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے تاہم صوبائی ترجمان نے فوری طور پر ان کیسز کی تصدیق نہیں کی۔سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 4 کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

آزاد کشمیر
جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔