کورونا وائرس سے12 جاں بحق،1496 متاثر،27 افراد صحتیاب

کورونا وائرس سے12 جاں بحق،1496 متاثر،27 افراد صحتیاب

خیبر پختونخوا میں چوتھی ہلاکت، ملک بھر میں ہلاکتیں 12 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1496 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد  1496 تک جا پہنچی ہے۔

چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں یہ چوتھی اور ملک میں مجموعی طور پر 12 ویں ہلاکت ہے جن میں سے  پنجاب میں 5 جبکہ بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

 

آج ملک میں کورونا کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 123 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سندھ میں 29 ، اسلام آباد میں 12،  گلگت میں 8، پنجاب میں 67 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1496 تک جاپہنچی ہے جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 27 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سے 2، 2 جبکہ ایک کا پنجاب سے تعلق ہے۔

 

پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کےمطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 557ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ لاہور میں 119، گجرات 51، جہلم 21، راولپنڈی 19، گوجرانوالہ 10، فیصل آباد 9، ڈی جی خان 5، ملتان 3، منڈی بہاؤالدین 4 اور  سرگودھا،میانوالی، ننکانہ صاحب،میں 2 جب کہ  نارووال ، رحیم یار خان، اٹک اور  بہاولنگر  اور خوشاب میں ایک ایک کیس ہے۔اس کے علاوہ  ملتان میں 48 اور ڈی جی خان میں 207 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ رائے ونڈ قرنطینہ مرکز میں 21 مریض موجود ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 5 ہے۔خیال رہے کہ جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔میو اسپتال کے کورونا وارڈ میں 73 سالہ مریض کی طبیعت بگڑی تو عملے نے بجائے آکسیجن یا دوا دینے کے اسے بیڈ سے باندھ دیا جس پر مریض چیختا چلاتا رہا اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔ 

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس کے 29 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 469 ہوگئی ہے۔ترجمان صوبائی وزارت صحت کے مطابق کراچی میں مزید 25 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 189 تک پہنچی ہے۔اس کے علاوہ حیدر آباد میں بھی مزید 4 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ ایک کیس دادو سے رپورٹ ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ تفتان سے  سکھر لائے گئے زائرین میں سے  265 اور لاڑکانہ میں موجود زائرین میں 7 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

 اسلام آباد

ہفتے کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 12 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جن کی تصدیق ضلعی حکومت کی جانب سے تاحال نہیں کی گئی البتہ سرکاری پورٹل پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد شہر میں کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

 

بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 138 ہوگئی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق اب تک 2 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض فوت انتقال کرچکا ہے اور 135 مریض زیر علاج ہیں۔

 

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں آج ہفتے کے روز  8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 111 ہوگئی ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق 78 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 8 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ باقی کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا کے علاقے تیمر گرہ میں خاتون کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ خاتون کے انتقال کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔ صوبے میں آج اب تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے باعث مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہی ہے۔واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

 

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج بھی اب تک کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔