ملک بھر میں کورونا سے 23 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 1800 سے تجاوز

ملک بھر میں کورونا سے 23 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 1800 سے تجاوز

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1848 تک جا پہنچے ہیں۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 6 اور خیبرپختونخوا میں 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں ایک اور  گلگت بلتستان میں اب تک 2 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال
پاکستان میں آج بروز منگل اب تک کورونا وائرس کے مزید 85 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 61، گلگت بلتستان میں 14 اور بلوچستان میں 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔

 

سندھ
صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے نئے تمام 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی ہے جب کہ دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں۔اس کے علاوہ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں 7 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 6 ہے جہاں پیر کے روز کراچی میں 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی کے رہائشی 66، 63 اور 52 سالہ مریضوں میں چند روز قبل مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ زیر علاج تھے تاہم تینوں مریض انتقال کرگئے۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق اب تک 2 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔
گلگت بلتستان
آج گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 142 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے مجموعی کیسز کی تعداد کی تصدیق کی گئی ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب
گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کےبعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جا پہنچی ہے۔پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔گزشتہ روز مزید 58 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں کُل کیسز کی تعداد 651 ہو گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں 209، ملتان قرنطینہ میں 89، رائیونڈ قرنطینہ میں 27 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت لاہور میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 128، گجرات میں 62، راولپنڈی میں 40، جہلم میں 28، ننکانہ صاحب میں 13، گجرانوالہ میں 11، فیصل آباد میں 9، ڈی جی خان اور حافظ آباد میں پانچ پانچ، منڈی بہاؤالدین میں 4، میانوالی اور رحیم یار خان میں 3، 3 جب کہ ملتان، ویہاڑی اور سرگودھا میں دو دو مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نارووال، اٹک، بہاولنگر، خوشاب، بہاولپور اور قصور میں ایک ایک مریض میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
بروز پیر خیبر پختونخوا میں مزید 29 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 217 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے میں متاثرہ مریضوں میں 160 مقامی اور 57 ایران سے آئے افراد شامل ہیں۔صوبے میں مہلک وائرس سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔واضح رہےکہ کے پی میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 43 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔