کورونا وائرس،81 افراد صحت یاب، متاثرہ مریضوں کی تعداد2033 ہو گئی

کورونا سے مزید 3 اموات، پاکستان میں ہلاکتیں 26 اور مریضوں کی تعداد 2033 ہوگئیسندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے انتقال کرگیا، پاکستان بھر سے کورونا کے مزید 252 کیسز سامنے آگئے
کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2033 تک جاپہنچی ہے۔منگل کو تین میں سے دو ہلاکت سندھ جبکہ ایک خیبر پختونخوا میں ہوئی۔ صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا اور آج دوران علاج وہ چل بسا۔ شہر میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کراچی کا 70 سالہ رہائشی بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جس میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔آج ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور اب تک صوبے میں ہونے والی تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔
منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتیں 26 ہوگئی ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔پاکستان میں آج بروز منگل اب تک کورونا وائرس کے 252 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 110، پنجاب 57، گلگت میں 36، خیبرپختونخوا میں 32، بلوچستان میں 10 اور اسلام آباد میں 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2033 تک جاپہنچی ہے۔
کورونا وائرس، مہلک وائرس، ہلاکتیں، متاثرہ مریض، مریضوں، تعداد، انتقال، پاکستان، ہلاک، تصدیق، کراچی، صوبے، رپورٹ، بلوچستان، گلگت بلتستان، منگل، کیسز، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، ازاد کشمیر، اسلام آباد
