حکومت اعلانات کو چھوڑ کر عملی اور فوری اقدامات پر توجہ دے،شیخ آفتاب احمد

حکومت اعلانات کو چھوڑ کر عملی اور فوری اقدامات پر توجہ دے،شیخ آفتاب احمد

اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز) سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت اعلانات کو چھوڑ کر عملی اور فوری اقدامات پر توجہ دے ۔

ٹائیگر فورس بنانے سے بہتر ہے بلدیاتی اداروں کو فوری طور بحال کیا جائے اور امدادی سامان کی ترسیل کا کام ان کے ذمہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) اٹک میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق امیدوار پنجاب اسمبلی شیخ سلمان سرور ، سابق چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد ، ضلعی رہنما شیخ اجمل محمود ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ شیخ عواد صفدر ، سٹی صدر وقار احمد ، سٹی جنرل سیکرٹری عماد فیض ، سابق وائس چیئرمین یونین کونسل زمان شاہ ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سرپر ست اعلیٰ حاجی محمد فیضیاب خان ، مرکزی سینئر وائس چیئرمین فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان صوفی فیصل بٹ ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان ، ڈویژنل نائب صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس راولپنڈی سعید آفریدی ، سینئر صحافی عنایت الہٰی بھی موجود تھے۔

 

 شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تعمیراتی کام میں سرمایہ کاری کو سہولت دینے کا اعلان اچھا ہے ملکی مفاد میں ہم اس پر تنقید نہیں کریں گے اس لئے کہ اس وقت ملک و قوم کی سلامتی و استحکام اولین ترجیح ہے لیکن اس بات کا افسوس ضرور ہے جب ایسا ہی پلان شاہد خاقان عباسی نے پیش کیا تھا تب آپ نے پوری دنیا کے سامنے ان کے لئے جو منفی پروپیگنڈہ کیا تھا وہ اخلاقی پستی کی زندہ مثال ہے اس منصوبے سے فوری طور پر فوائد حاصل کرنا ممکن نہیں اس لئے یہ سبسڈی آپ بجلی ، گیس کے بلوں اور ادویات میں دے دیں تو عوام کو زیادہ ریلیف مل سکتا ہے موجودہ حالات میں جب دنیا کی مضبوط ترین معیشت کے حامل ممالک بھی پریشان حال ہو چکے ہیں امریکہ جیسے ملک میں 65 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں پاکستان ایسے حالات کا مقابلہ کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا محمد شہباز شریف نے آپ کو میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی جس کو آپ نے اپنی انا اور ضد میں قبول نہیں کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے سامنے نوجوان نے خود سوزی کر لی یہ المیہ فکریہ ہے اس وقت سیاست سے ہٹ کر ملک و قوم کے لئے سوچنے کا مقام ہے عوام ابھی تک حکومتی امداد کی منتظر ہے تاہم حکومت صرف اعلانات تک محدود نظر آ رہی ہے جس کام میں پہل حکومت کو کرنی تھی وہ کام اپوزیشن جماعتیں ، رفاعی تنظی میں اور عوام انفرادی طور پر کر رہے ہیں اسی طرح مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ کے عہدیدار دن رات عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں عوام کی نظریں اب بھی حکومت سے زیادہ مسلم لیگ ( ن ) اور محمد شہباز شریف کی طرف لگی ہیں اس لئے کے لوگوں کو ڈینگی کے خلاف محمد شہباز شریف کے اقدامات ابھی یاد ہیں میری اپیل ہے کہ ہر شخص کورونا سے بچاؤ کے لئے ہدایات پر سختی سے عمل کرئے احتیاط ہی سب سے موَثر اقدام ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں ۔