سرکاری عمارتوں کے کرایوں میں تاجروں کورعایت دی جائے،میجر طاہر صادق

سرکاری عمارتوں کے کرایوں میں تاجروں کورعایت دی جائے،میجر طاہر صادق

سابق ناظم اٹک و ایم این اے این اے 55 میجر(ر)طاہرصادق کا احسن اقدام : وزیرِاعلیٰ پنجاب کو سرکاری عمارتوں کے کرایہ داروں کو کرایہ میں چھوٹ دینے کیلئے تجویز دے دی۔ 

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وائرس سے صرف حکومتیں اور ادارے ہی پریشان نہیں بلکہ ایک بہت بڑا طبقہ جو اس ساری صورت حال سے متاثر ہوا ہے وہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے دوکاندار ہیں، بالخصوص وہ جو ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں۔ 
موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں مہنگائی اور حالات سے مجبور دوکاندار حضرات کے معاشی حالات انتہائی خراب ہوچکے ہیں، ایک عام تاجر کرائے،بجلی کے بل، تنخواہوں اور گھریلو اخراجات کی مد میں قرضوں تلے دب گیا ہے، تاجروں کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے حکومت محدود یا جزوی طور پر کاروبار کھولنے کی اجازت دے یا پھر ایک چھوٹے دوکاندار کو بھی ہر ممکن امداد فراہم کرے تاکہ وہ فاقوں کی نوبت سے بچ سکیں۔ 

میجرطاہرصادق نے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تجویز دی ہے کہ پنجاب میں جو دوکاندار گورنمنٹ کے اداروں (ضلع کونسل / میونسپل کمیٹیز) کے کرایہ دار ہیں انکا کرایہ یا تو معاشی صورتحال کے بہتر ہونے تک معاف کردیا جائے یا پھر کرایہ کی ادائیگی اس وقت تک موخر کی جائے جب تک پاکستانی معیشت اس وبائی بحران سے نبردآزما ہے۔ 

 

اس سلسلے میں حکومت کو پہل کرتے ہوئے پالیسی سازی کرنی ہو گی۔ امید ہے حکومتی اقدامات کو دیکھتے ہوئے پرائیویٹ سیکٹر مالکان بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کرایہ داروں کو اس مخدوش معاشی صورتحال میں کرایے کی چھوٹ کی سہولت دیں گے۔