ضلع میں کورونا وائرس کے 21کیسز رپورٹ ہوئے،ڈپٹی کمشنر اٹک

جن میں 9زائرین،6تبلیغی جماعت کے افراد ہیں،جن کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔2افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ایک خاتون کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے اور وہ صحت یاب ہوکے گھر جاچکی ہے۔جبکہ باقی 3افراد بھی قرنطینہ میں ہیں
اٹک(بیورو رپورٹ ڈیلی اٹک نیوز) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ حالات میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل کونسل ہال اٹک کے سبزہ زار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس کورونا وائرس کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع اٹک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے 21کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 9زائرین،6تبلیغی جماعت کے افراد ہیں،جن کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔2افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایک خاتون کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے اور وہ صحت یاب ہوکے گھر جاچکی ہے۔جبکہ باقی 3افراد بھی قرنطینہ میں ہیں۔ضلع اٹک میں 14قرنطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں،جن میں 1200افراد کو رکھا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ 100بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کردیا گیاہے جوتمام طبی سہولیا ت سے مزین ہے۔ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے آئی سولیشن وارڈز بھی موجود ہیں جہاں پر انتہائی تربیت یافتہ ڈاکٹرز اپنا کام کر رہے ہیں۔تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا علاج جاری ہے اور انکو تمام تر طبی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔جو افراد ہلاک ہوئے ہیں انکو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس ۱وپی اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کیا گیا ہے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ اب تک 12ہزار سے زائد مستحق افراد میں مخیر افراد کی مدد سے راشن فراہم کیا گیاہے۔اس کے علاوہ ضلع اٹک میں سستی روٹی مہم کا بھی آغاز کیا جارہا ہے جس میں تنوروں کو آٹا سرکار کی جانب سے فراہم کیا جائے گا اور روٹی کی قیمت 5روپے ہوگی۔احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ اٹک نے 12ہزار سے زائد افراد میں 15کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی۔احساس کفالت پروگرام کے لیے 21سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر تین مرحلوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضروری کاروبار کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جن کے لیے صبح 9سے شام 5بجے تک کا وقت مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے موجودہ حالات کی وجہ سے حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال رمضان بازاروں کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔
ڈی سی اٹک علی عنان قمر نے اس موقع پر افواج پاکستان،میونسپل کمیٹیوں،پنجاب پولیس،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ہر ماہ کے پہلے تین دن میں ضروری سٹاف کے ساتھ اپنے انتظامی امور نمٹائیں،جبکہ فیسوں کے معاملے کے لیے سی ا ی او ایجوکیشن ایس او پیزتیا ر کر رہے ہیں۔انہوں کے کہا کہ ضلع اٹک میں صفائی کے معاملات کو بھی دیکھا جارہا ہے اور اگر کسی علاقے میں صفائی سے متعلق شکایات ہیں تو وہ ڈی سی آفس،اے سی آفس اور بلدیہ کے دفتر میں رجوع کیا جاسکتا ہے۔قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کے عوام قیمت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور قیمتوں سے متعلق شکایات اس ایپ پر اپلوڈ کریں۔انہوں نے اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ حالات انتہائی احتیاط کے متقاضی ہیں اور عوام حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو محفوظ بنائے۔
