ملک میں آج کورونا سے 8 اموات، ہلاکتیں 335 اور مجموعی کیسز 15289 ہوگئے

آج اب تک کورونا کےمزید 502 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 8 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں

ملک میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 8 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 335 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15289 تک جا پہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ اور پنجاب میں 100،100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔28 اپریل  کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔

 

آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 502 کیسز سامنے آئے ہیں اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد 36 اور بلوچستان سے اب تک 62 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔