حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے،کمشنر راولپنڈی محمد محمود

کمشنر راولپنڈی کی اٹک آمد، ڈی سی آفس اٹک میں اہم اجلاس کی صدارت، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر سمیت افسران کی شرکت
اٹک(بیورو چیف ڈیلی اٹک نیوز)کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انتظامیہ کی مدد سے ان کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام سرکاری محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔اجلاس میں امن و امان، کورونا وائرس،ڈینگی،پرائس کنٹرول،ترقیاتی پروگرام، گندم خریداری، ٹائیگر فورس، ٹڈی دل کے حملے سمیت دیگر اہم امور زیر بحث لائے گئے۔ امن و امان کے حوالے سے بات کر تے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے اور عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ ضلع بھر میں کورونا وائرس کے 344مریض آچکے ہیں اور ان مریضوں کو زیر علاج یا قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متعلق حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ۱ور تمام متعلقہ اقدامات کر رہی ہے۔عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی بھی تلقین کی جارہی ہے اور اس کے ساتھ خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ ضلع بھر میں کورونا وائرس کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔ترقیاتی پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا اس وقت ضلع بھر میں 209 سکیموں پر تر قیاتی کام ہو رہا ہے جن پر334.668ملین روپے لاگت آئے گی۔ ان میں سڑکوں کی بحالی اور مرمت،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اپگریڈیشن،لوکل گورنمنٹ،کھیل اور دیگر محکموں کے ترقیاتی کام شامل ہیں جو تکمیل کے مراحل میں ہیں اور اس کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ کے مطابق بھی ترقیاتی کاموں کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔
کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ڈینگی کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیاکہ کورونا وائرس کے ساتھ ڈینگی کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔انڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ہفتہ وار اجلاس بھی منعقد کیے جارہے ہیں جن کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کرتے ہیں۔ان اجلاسوں میں انسداد ڈینگی مہم سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے۔ کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے کورونا وائرس کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم بھی کامیابی سے چلانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پرائس مجسٹریٹ کی کاروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پرائس مجسٹریٹ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائی کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور ایف آئی آرز کا اندراج بھی کیا جارہا ہے۔ پچھلے دو ماہ میں 47لاکھ روپے سے زائد کے جر مانے کیے گئے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی اور انجمن تاجران کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں چینی کا ریٹ فی کلو 70روپے مقرر کیا گیا ہے اور تمام متعلقہ افسران اس ریٹ پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔پیٹرول کی قلت دور کرنے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی ہدایا ت جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ گندم خر یداری کے سلسلے میں 2507 میٹرک ٹن سے زائد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جو 132%بنتا ہے۔ٹائیگر فورس کے بارے میں بات کر تے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ اب تک اس فورس میں ضلع اٹک سے8223 افراد کو رجسٹر کیا گیا اور ان کو مختلف عوامی مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ٹائیگر فورس کا قیام اور خدمات قابل ستائش ہیں۔ٹڈ ی دل کے حملو ں پر کمشنر راولپنڈی کو بر یفنگ دیتے ہوئے بتا یا گیا کہ ان حملوں کو روکنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیو مہم کے سلسلے میں سو فیصد سے زائد ہدف حاصل کیا گیا۔ سیلاب کی صورت میں ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو1122 کے ہمراہ تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اس ضمن میں آزمائشی مشکیں بھی کی گئی ہیں۔ کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے مجموعی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
