حسن ابدال، سریے ا ور گھی سے بھرے ٹرک لوٹنے والے گینگ گرفتار

حسن ابدال، سریے ا ور گھی سے بھرے ٹرک لوٹنے والے گینگ گرفتار

حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز) 30 ٹن سریے سے بھرا ٹرک لوٹنے والے گینگ نے دوران تفتیش اپنے طویل جرائم کی داستان اگل دی 

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اس سے قبل 2 سریے اور گھی سے بھرے ٹرک لوٹنے کے علاوہ راولپنڈی کے درجنوں گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کر چکے ہیں گینگ کے سرغنہ صدیق ولد بخشش، عدیل ولد عبدالرزاق، محمد اعجاز ولد محمد ریاض، شہباز ولد طارق اور طارق ولد خلیل الرحمن ساکنائے راولپنڈی جنہیں تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے 30 ٹن سریا لوٹنے کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالت سے ریمانڈ لے کر تفتیش کے جدید اصولوں کے تحت تشدد کیے بغیر تفتیش کی گئی تو ملزمان نے حیران کن انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عرصہ دراز سے راہزنی، ڈکیتی کی وارداتیں کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے اس سے قبل سریے کے 2 ٹرکوں اور گھی کے بھرے ہوئے ٹرکوں کو بھی لوٹنے کے علاوہ راولپنڈی میں درجنوں گھروں میں بھی ڈکیتی کی کامیاب وارداتیں کیں پولیس نے ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کر کے ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ کے بھی الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔

 

ڈی پی او سید خالد ہمدانی نے تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کو اس کامیاب کاروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کو اپنا اولین فریضہ سمجھتی ہے او ر کسی کو بھی امن و عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے گی،ایسے جرائم پیشہ عناصر معاشرے کے ناسور ہیں اور اٹک پولیس ایسے ناسوروں کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی۔