حکومت اور محکمہ تعلیم کی نااہلی پالڑی میں سیکڑون بچیاں تعلیم سے محروم

نیلم(بیورورپورٹ)حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ تعلیم کی نااہلی کی وجہ سے ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھمقام کے نواحی علاقہ پالڑی میں سینکڑوں بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم ہو گئیں ،بچیوں پر تعلیم کے دروازے مکمل طور پر بند کر دئے گئے 2005کے زلزلہ میں متاثر ہونے والی گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پالڑی کی عمارت دو سال قبل آتشزدگی سے جل گئی جسے آج تک تعمیر نہیں کیا جا سکا عوام علاقہ نے ایک خیمہ لگوایا جس میں کچھ بچیاں تعلیم حاصل کرتی ہیں ،فیسیں نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنی بچیوں کو پرائیویٹ اداروں میں تعلیم دلوانے سے قاصر ہیں ،سابق وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید اور موجودہ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے سکول کی عمارت کو تعمیر کرنے کے درجنوں وعدے کئے لیکن عمل درآمد نہیں کیا گیا محکمہ تعلیم بھی سکول کی عمارت کی تعمیر پر توجہ نہیں دے رہا عوام علاقہ منصف خان ،ندیم مغل ،اشتیاق احمد ،شیر زمان ،وقاص احمد ،محمد سدہیر ،عمر صدیق ،ذوالفقار ملک ،شاہ ذمان اور دیگر نے  مسائل کی نشاندیہی کرتے ہوئے کہا کہ پالڑی گائوں کی آبادی 3500افراد پر مشتمل ہے علاقے کا واحد پرائمری سکول دو سال قبل جل گیا تھا جسے آج تک تعمیر نہیں کیا جا سکا غریب لوگ اپنے بچے اور بچیوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں دلوا سکتے جس کی وجہ سے علاقہ کے پچاس فیصد بچے اور بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم ہیں ،عوام علاقہ نے ایک خیمہ بچیوں کی تعلیم کے لئے لگایا جہاں کچھ بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ،شدید موسم میں بچیاں کھلے آسمان تلے بیٹھتی ہیں جبکہ فرنیچر نہ ہونے سے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے عوام علاقہ نے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول پالڑی کی عمارت فی الفور تعمیر کی جائے سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر اپنے اعلانات پر عمل کریں اگر سکول کی عمارت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع نہ کیا گیا تو عوام علاقہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔