آزادکشمیر پریس فائونڈیشن کو فعال بنانے کیلئے کوشاں ہیں،ڈی جی اطلاعات

مظفرآباد(وقائع نگار) ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات آزادکشمیر راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ ریاست کے 70ویں یوم تاسیس کے موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان ،وزیر اطلاعات و نشریات راجہ مشتاق منہاس سمیت سیکرٹری اطلاعات منصور قادر ڈار کی ہدایات کے مطابق پورے عزت واحترام شان شوکت سے منانے کے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ماہ اکتوبر ویسے بھی ریاست کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی مہینے میں ایک طرف تو آزاد خطہ عملی طور پر معرض وجود میں آیا تو دوسری طرف سانحہ زلزلہ 2005نے ایک بار پوری ریاست کو تلپٹ کر کے رکھ دیا ۔چندساعتوں میں آزادخطہ کھنڈرات کا ڈھیر بن گیا ،1لاکھ سے زائد مردو زن اور بچے سانحہ کی نذر ہوئے اور شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے مگر غیور ریاستی عوام نے بالخصوص عالمی دنیا مملکت خداد پاکستان ،پاکستان آرمی کی لازوال جرات و محنت سے اپنے پائوں پر کھڑے ہوئے اور آج حکومت وقت اسی تسلسل کو لے کر ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے کمر بستہ ہے ۔انہوں نے مذید کہا کہ صحافیوں کی تمام تر مشکلات و مسائل کو حل کرنے کے لیے آزادکشمیر پریس فائونڈیشن کو فعال بنانے کے تمام تر اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے ڈی جی اطلاعات نے کہا کہ 24اکتوبر کو محکمہ اطلاعات خصوصی ایڈیشن ،سپلیمنٹ کے علاوہ مختلف تقاریب بھی منعقد کرے گا اس سلسلے میں تمام محکمہ جات کو متحرک کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور قلم کار عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں قلم کا استعمال کریں۔نسل نو کو تحریک آزادی کشمیر بارے آگاہ کر کے تحریک کا حصہ بن سکتے ہیں ۔