کشمیر یونیورسٹی ،پرائیویٹ امیدواروں کے فارمز ڈبل فیس اعتراض کیساتھ واپس

اسلام آباد(حسیب شبیر چوہدری) آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد کا انوکھا نظام اورانتظامیہ کی غفلت ،ماسٹر ڈگری کے پرائیویٹ امیدواروں کے امتحانی فارمز چار ماہ بعد ڈبل فیس جمع کروانے کا اعتراض لگا کر واپس کئے جانے لگے،امتحانی فارمز کی تاریخ ختم ہونے کے بعد فارم موصول ہوئے ،ڈبل فیس جمع کروائی جائے کا اعتراض لگا کر فارم واپس بھیجے جا رہے ہیں جبکہ طلباء کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ہمیں یونیورسٹی کی جانب سے 5جون تک داخلہ بھیجنے کی تصدیق بھی دی گئی تھی متعدد طلباء نے جا معہ کشمیر کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے لینڈ لائن فون پر رابطہ کر کے تاریخ کے حوالہ سے تسلی بھی کی تھی مگر اب اعتراض لگا یا جا رہا ہے کہ آخری تاریخ 1جون 2017تھی۔جس کے باعث قریبا ًتین ہزار سے زائد داخلہ فارمز اعتراض لگا کر واپس طلباء و طالبات کو ارسال کئے گئے ہیں جن پر ڈاک کے اخراجات کی مد میں سوا لاکھ سے زائد رقم خرچ ہو ئی ہے۔چند سو فارمز تو لیٹ ہو سکتے تھے تاہم 3ہزار لوگوں کے ساتھ ایک ہی اتفاق سمجھ سے بالا تر ہے۔ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد کی جانب سے داخلوں سے متعلق معلومات کا نظام نہ ہونے کے باعث ماسٹر ڈگری میں پرائیویٹ امتحان لینے والے طلباء و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ہے،5جون تک لیٹ فیس کے بغیر فارمز کی تاریخ کی تصدیق یونیورسٹی کے لینڈ لائن نمبر سے بھی دی گئی تھی جس کے بعد سٹوڈنٹس نے اس تاریخ کے مطابق داخلہ فیس جمع کروائی تھی تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ اس نوعیت کے قریباً تین ہزار سے زائد امتحانی فارمز واپس بھیجے جا رہے ہیں ، جن میں سے کئی طلباء و طالبات نے ڈبل فیس کے ساتھ دوبارہ فارمز یونیورسٹی کو بھی ارسا ل کر دئیے ہیں۔روزنامہ کشمیر ٹائمز سے بات کرتے ہوئے سٹوڈنٹس کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ہمیں اس حوالہ سے تصدیق بھی کی گئی تھی مگر اب چار ماہ گزر جانے کے بعد ہمیں فارمز واپس موصول ہو رہے ہیں اور اعتراض لگا یا گیا ہے کہ آپ نے فارمز تاریخ گزر جانے کے بعد بھیجے ہیں اب اس پر لیٹ فیس لاگو ہو رہی ہے،یونیورسٹی انتظامیہ کو اس حوالہ سے نوٹس لینا چاہیے کہ اگر تاریخ میں توسیع نہیںکی گئی تھی تو پھر غلط معلومات کیوں دی گئی ہیں۔ایک یا دو لوگوں کا معاملہ نہیں ہے کئی سٹوڈنٹس ایسے ہیں جن کے فارمز واپس کئے جا رہے ہیں اور اب ڈبل فیس کے ساتھ جمع کروانے کو کہا جا رہا ہے جو نا انصافی ہے۔ متعدد طلباء و طالبات نے بتایا کہ ہم نے جامعہ کشمیر کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے لینڈ لائن نمبر05822960400 سے داخلہ تاریخ کی تصدیق کی تھی اور ہمیں 5جون تک لیٹ فیس کے بغیر داخلہ جمع کروانے کی تاریخ بتائی گئی تھی جبکہ اب ہمیں لیٹ فیس جمع کروانے کا کہا جا رہا ہے اس میں ہمارا قصور بتا یا جائے؟
