مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہینگے ،پاکستان

نیویارک(اے این این ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا پاکستان پر اعتماد کا اظہار اور کردار کی توثیق ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان کے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے رکن منتخب ہونے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ملیحہ لودھی نے پاکستان پر اعتماد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا اعتماد کا ووٹ ہے اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی تنہائی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ، ہماری فتح اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے کردار کی توثیق ہے۔۔ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ امریکا ،بھارت اور اس کے اتحادیوں کی مخالفت کے باوجود پاکستان انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونے میں کامیاب رہا۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل کے رکن کے طور پر اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرے گا ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 151 ووٹ حاصل کر کے پاکستان چوتھی بار ایشیا بحرالکاہل ریجن سے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا۔
