27اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن،بھارت کو دنیا میں بے نقاب کرینگے،ڈاکٹر خالد
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ 27اکتوبر سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاریں اس دن کو کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور جماعت اسلامی بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشی اور قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو یوم سیاہ آزادکشمیر گلگت بلتستان اور عالمی سطح پر بھرپور انداز سے منائے گی ،بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے ،کشمیرپر بھارتی قبضہ اس کے مکروہ چہرے کا آئینہ دار ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ کی مرکزی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرسمینارز ،ریلیاں ،جلسے جلوس منعقد کیے جائیں گے ،ہندوستان نے جبراً کشمیر پر قبضہ کیا مجاہدین سے خوفزدہ ہو کر خود اقوام متحدہ میں جا کر یہ عہد کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کرے گا یہی حق مانگنے پر 6لاکھ کشمیریوں کو قابض بھارتی افواج شہید کر چکی ہے جو پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا بھر میں بے نقاب کرتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پول بھی کھل چکا ہے انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ جموں وکشمیر 27اکتوبر کو بھرپور انداز سے یوم سیاہ منا کر عالمی دنیا کو یہ پیغام دے کہ کشمیری ہر قیمت پر اپنا حق حاصل کر کے رہیں گے ۔
