انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی بھارت میں ’پچ فکسنگ‘ کا نوٹس لے لیا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی بھارت میں ’پچ فکسنگ‘ کا نوٹس لے لیاہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جو الزامات سامنے آئے ہم ان کی تحقیقات کررہے ہیں، تمام انٹرنیشنل کرکٹ ممالک کی طرح آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کا ایک منیجربھارت میں بھی موجود ہے، ہم اس سے رابطے میں ہیں، جب تک تمام حقائق سامنے نہ آجائیں ہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی پچ کمیٹی کے چیئرمین وینکٹ سندرم نے کیوریٹر کے اس معاملے میں الجھنے کی وجہ کم معاوضوں کو قرار دیدیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں پلیئرز اور آفیشلز کرپشن میں ملوث پائے جاتے رہے ہیں، بکیز کا اگلا آسان ہدف کیوریٹر ہیں کیونکہ انھیں دیگر میچ آفیشلز اور پلیئرز کے مقابلے میں کہیں کم معاوضہ ملتا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی بورڈ اپنے کیوریٹرز کو ماہانہ 50 ہزار روپے جب کہ اسٹیٹس اپنے گراؤنڈزمین کو اس سے بھی کم معاوضہ دیتے ہیں۔