مظفرآباد، ٹھیکیدار کی غفلت، پیر چناسی روڈ تباہ، سیاہ پریشان

مظفرآباد(وقائع نگار) مظفرآباد کی واحد سیاحتی مقام پیر چناسی کی شاہراہ ٹھیکیدار کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئی۔شاہراہ کی تعمیر نہ ہونے سے پیرچناسی سفر کرنے والے سیاحوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں جبکہ روزانہ سیکڑوں سیاح تفریح کے لئے پیرچناسی جاتے ہیں لیکن شاہراہ تعمیر نہ کرنے کی وجہ سے سیاحوں کی نہ صرف گاڑیاں کھٹارہ بن جاتی ہیں بلکہ سیاحوں کی ہڈی پسلیاں جھٹکوں سے دُکھنا شرو ع ہو جاتی ہیں جو سیاح ایک بار آتا ہے دوسری بار پیرچناسی کا نام لیتے ہوئے بھی کانپ اُٹھتا ہے۔شاہراہ تعمیر نہ ہونے سے سیاحت کو روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔شاہراہ کے ارد گرد سیکڑوں دیہات آباد ہیں جبکہ ہزاروں کی آباد ی کو بھی شاہراہ کی تعمیر نہ ہونے سے سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ٹھیکیدار نے شاہراہ کا چند کلو میٹر کام کیا ہے باقی کام وہ ادھورا چھوڑ کر چار ماہ سے غائب ہیں ،رمضان میں ٹھیکیدار نے کام بند کیا تھا عوام علاقہ کا شدید احتجاج وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری عزیز ، ایم ایل اے لچھراٹ چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ ،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری تعمیرات عامہ ،ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اگر فوری طور پر کام شروع نہ کیا تو عوام سڑکوں پر احتجاج کریں گے،تفصیلات کے مطابق مظفرآباد پیرچناسی روڈ کا خدا خدا کر کے طویل جدو جہد کے بعد تین سال قبل شرو ع کی گئی مگر طے شدہ معاہدہ کے مطابق سڑک کی تعمیر نہیں کی جا رہی ہے۔ٹھیکیدار اختیار عباسی نے سڑک کا کچھ حصہ تعمیر کیا ہے جبکہ باقی سڑک کی سولنگ کر کے مشینری اُٹھا کر دوسری زیر تعمیر شاہراہ پر منتقل کر دی ہے۔جس کی وجہ سے شاہراہ کی تعمیر رک چکی ہے جبکہ شاہراہ کی تعمیر نہ ہونے سے اس وقت تک سولنگ پر سے کئی مسافر گاڑیاں سیاحتی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئی ہیں۔ مختلف ایکسینڈنٹوں میں مسافر گاڑیاں ہزاروں فٹ کھائی میں جا گریں اور اب تک درجنوں لوگ ان حادثات میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔پیرچناسی روڈ کے اردو گر کھلہ،نیاز پورہ،لُنڈی،بٹلیاں، مالدہی، ڈنہ،دھمن جھول ،پیرچناسی ، سیری درہ سمیت درجنوں دیہات آباد ہیں جن میں 80ہزار کے لگ بھگ لوگ آباد ہیں جن کو سفر کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔پیرچناسی سیاحت کے لئے جانے والے سیاحوں ،مقامی سیا سی و سماجی شخصیات عوامی حلقوں ،سول سوسائٹی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیرچناسی روڈ کی تعمیر کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کروائیں اور ادھوری شاہراہ چھوڑ کر غائب ہونے والے ٹھیکیدار کو حاضر کریں یا پھر ٹھیکہ منسوخ کر کے کسی قابل،دیانتدار ،باکردار اور تعمیرات کے ماہر ٹھیکیدار کو ٹھیکہ الاٹ کیا جائے تاکہ عوام مظفرآباد و پیرچناسی کے سفر کی مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں اور سیاحوں کو سستی اور قریب ترین سیر و تفریح کا موقع میسر آ سکے۔