اسلام آباد میں زیرعلاج کشمیری مریضوں کے چیک ڈس آنر،ہسپتالوں سے نکال دیا گیا

مظفرآباد(وقائع نگار)راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں میں داخل آپریشن کے مریضوں کو حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ علاج معالجہ چیک ڈس آنر ہو گئے۔رقم ہسپتالوں کے اکاؤنٹ میں منتقل نہ ہونے سے مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی۔ایف ۔آئی ۔سی (سی ایم ایچ) راولپنڈی ،ایم ایچ راولپنڈی سمیت کئی ہسپتالوں کو نیشنل بنک سمیت کئی بنکوںکے چیک جاری ہوئے ہیں لیکن علاج معالجہ کی رقم منتقل نہیں کی گئی۔جاری شدہ چیک ہسپتالوں کے مریضوں کو واپس کر تے ہوئے ڈاکٹروں نے مریضوں کو ہسپتالوں سے نکال دیا ہے جس کی وجہ سے ہارٹ اٹیک،کینسر ،گردہ اور دیگر خطرناک بیماریوں کے مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔محکمہ تعلیم سمیت سرکاری محکموں کے چھوٹے ملازمین نے بڑی تگ و دو کے بعد اپنے اپنے محکموں سے علاج معالجہ کی رقم منظور کروائی ہوئی ہیں لیکن جب وہ چیک لے کر ہسپتال جاتے ہیں آپریشن کے لئے ڈاکٹر تاریخ دیتے ہیں لیکن اکثر چیک ڈس آنر ہو جاتے ہیں اس طرح مریض آپریشن نہیں کروا سکتے۔مہینوں ہسپتالوں کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کروانے کے لئے چکر لگانے پڑتے ہیں۔بیشتر مریض علاج معالجہ کی رقم ہسپتال میں شفٹ ہونے کے انتظار میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتے ہیں جبکہ کئی مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں پڑے ہوئے ہیں۔مریضوں کے ورثاء نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر،وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت عامہ ،ڈی جی صحت عامہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آپریشن کے لئے زیر علاج راولپنڈی اسلام آباد ہسپتالوں کے مریضوں کو  چیکوں کی رقم فوری ادا کریں اور رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کریں تاکہ مریض آپریشن کروا سکیں۔آپریشن کے منتظر مریضوں کو مرنے سے بچایا جائے وزیر اعظم غریب مریضوں کی دعائیں لیں۔