متاثرین نیلم جہلم کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا:وزیراعظم
مظفرآباد(وقائع نگار) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان سے ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود کی قیادت میں متاثرین نیلم جہلم ہائیڈرو پاو ر پراجیکٹ حلقہ نمبر2کی ملاقات۔ چوہدری شہزاد محمود نے متاثرین نیلم جہلم کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ واپڈامتاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کررہا جس پر انہیں تشویش ہے۔متاثرین نے واپڈاکے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سے کیے جانے والے وعدے پورے کیے جائیں گے، متاثرین اطمینان رکھیں ان کو کسی صورت بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائیگا۔ متاثرین نیلم جہلم کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور بہت جلد اس حوالے سے سارے معاملات طے کرینگے۔متاثرین نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے مسائل کے حوالہ سے متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے تمام مسائل کو جلد یکسو کیا جائے گا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیر اعظم احسان خالد کیانی اور ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان بھی موجود تھے۔
