انصاف کی فراہمی میں ماتحت عدالتون کا کردار نہایت اہم ہے،چیف جسٹس آزادکشمیر

میرپور(بیورورپورٹ)آزادجموں و کشمیر کے چیف جسٹس ، جسٹس محمد ابرہیم ضیاء کی طرف سے سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ چیف جسٹس صاحبان ، جسٹس صاحبان کے اعزاز میں سالانہ ظہرانہ دیا گیا ۔ ظہرانہ میں آزادکشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس راجہ محمد سعید اکرم خان ، جسٹس غلام مصطفی مغل ،ہائی کورٹ آزادکشمیر کے چیف جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی ، ہائی کورٹ کے ججز مہمانان ریٹائرڈ ججز میں جسٹس خواجہ محمد سعید ، جسٹس خواجہ شاد احمد ،جسٹس محمد اعظم خان ، جسٹس سید منظور حسین گیلانی ، جسٹس چوہدری شیر زمان ، جسٹس عبدالمجید ملک ، جسٹس چوہدی محمد تاج جسٹس سردار عبدالحمید خان ، جسٹس منیر احمد چوہدری ، جسٹس چوہدری جہانداد خان ، جسٹس عبدالرشید سلہریا موجود تھے ۔اس موقع پر چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس چوہدری محمد ابرہیم ضیاء نے کہا کہ آزادکشمیر میں قانون و آئین کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے آزادکشمیر سپریم کورٹ ،ہائی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتیں جس محنت اور جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔آزاد کشمیر اعلیٰ عدلیہ کے حاضر اور ریٹائرڈ جسٹس صاحبان نے ہمیشہ قانون اور آئین کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوے لوگوں کو جلد انصاف فراہم کرنے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔انھوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ اور ماتحت عدالتوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں کہ وہ قانون اور آئین کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوے لوگوں کو ان کے حقوق دلائیں ۔انھوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف کی بالادستی قائم نہ ہو وہ معاشرے تباہ و برباد اور افراتفری کا شکار ہوجاتے ہیں ۔چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ عدالتی نظام کی بالادستی ہر صورت قائم رہے اور جملہ فیصلہ جات میرٹ پر ہوں ۔ہر شخص کو میرٹ پر انصاف ملے اس سلسلہ میں عدالتی اصلاحات کے نفاز سے بہتری آئی ہے ۔اس میں مزید بہتری لائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ ہم پر جتنی بھاری ذمہ داریاں ہیں اسی حساب سے ہم نے اللہ کے حضور جواب دہ ہونا ہے ۔چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے آزادکشمیر سپریم کورٹ ،ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس صاحبان ججز حضرات کی سالانہ ظہرانہ تقریب میں شرکت میں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔انھوں نے انھیں شیلڈز بھی دیں ۔