ایم سی کیخلاف سازشیں کرنیوالے احتساب کے شکنجے میں پھنس چکے،سردار عتیق

شاردہ(نامہ نگار)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ مسلم کانفرنس کیخلاف سازشیں کرنے والے آج احتساب کے شکنجوں میں پھنس چکے ہیں، ریاستی جماعت کو ختم کرنے کے نعرے لگانے والے اپنی ڈوبتی نائو کو بچانے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں ،ن لیگ کو اپنی اہمیت افادیت کا بلدیاتی انتخابات میں اندازہ ہوجائیگا ۔لیگی حکومت پیپلزپارٹی کے دور سے 100 گناہ زیادہ بدتر ہے ۔ ناراض ساتھی کل کے بجائے آج واپس آجائیں ۔آزادکشمیر کی تعمیروترقی مسلم کانفرنس کی مرہون منت ہے۔ مسلم کانفرنس کے مراعات یافتہ کارکن بن کر جماعت کیلئے کام کریں،دورہ نیلم کے دوران شاندار استقبال ، کارکنوں کاجوش وجذبہ نئی امید نئی کرن ہے۔وادی نیلم سے پیداہونیوالی بجلی پر پہلا حق اہلیان نیلم کاہے،لائن آف کنٹرول پر واقعہ ضلع نیلم کے عوام مفت بجلی کے حقدار ہیں، محکمہ برقیات کی جانب سے ماہانہ فی صارف15 سے 20 ہزار روپے بجلی بل جاری کرنا ناانصافی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز وادی نیلم کے تیسرے زوز دورے کے دوران شاردہ کے نواحی علاقہ شیخ بیلہ میں منظور سکندر ، ارشد ملنگی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ الحمداللہ مسلم کانفرنس ریاستی جماعت ہے ، جو ریاستی تشخص کی علمبردار اور ریاست کی تعمیروترقی کا ویژن رکھتی ہے ۔ آج بھی ریاست کے مختلف حصوں میں مسلم کانفرنس کے دور کے منصوبوں پرکام جاری ہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت سے ن لیگ کی حکومت بدترین ثابت ہوئی ہے ۔ن لیگ کی حکومت انتقام میں جل رہی ہے ، تعمیروترقی ان کاویژن نہیں بلکہ انتقام ہے۔لیگی آج مخالفین کیخلاف گالیوں سے آغاز کرتے ہیں جبکہ پی پی دور میں ادب واحترام کارشتہ قائم تھا۔ میرٹ کی بحالی ، رشوت کا خاتمہ کے نام پر متوالوں کونوازجارہاہے ۔ ترقیاتی سکیمیں آج بھی پی پی کی طرح بدستور فائل میں مکمل ہورہی ہیں۔مسلم کانفرنس کیخلاف نوازشریف نے سازش کی تو آج بھگت رہے ہیں۔نوازشریف نے آزادکشمیر میں مسلم کانفرنس کیخلاف بغاوت کراکر ریاستی جماعت کو کمزور کرنے کی سازش کی جس کاصلہ وہ آج پاکستا ن میں اپنی جماعت کیساتھ دیکھ رہے ہیں َدنیا مکافات عمل ہے۔ دوسرے کیلئے کھودنے والے خود کھڈے میں گرتے ہیں۔ ہمارے لیے مشکلات پیدا کرنے والے آج اپنی ڈوبتی نائو کوبچانے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نوازشریف کی نااہلیت کے بعد مسلم لیگ ن آزادکشمیر عوامی مسائل کے حل میں یکسر ناکام ہوچکی ہے ۔ن لیگ ڈیڑھ سال قبل کے میزانیہ سے 80 فیصد نیچے آچکی ہے ۔ بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کو اپنی اہمیت شیشے میں صاف دکھائی دے گی ۔اللہ کے فضل وکرم اور مسلم کانفرنس کی قیادت کی محنت سے مسلم کانفرنس بلدیاتی انتخابات کامعرکہ سرکریگی ، انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ہر کوئی بر اکہتا تھا ، لیکن پی پی ورکرز اور قائدین میں ادب واحترام کا رشتہ بحال تھا۔لیکن پی پی سے موجودہ لیگی حکومت سوفیصد زیادہ بدترہے جو انتقام سے کام کاآغاز کرتی ہے ۔ دوگناہ بجٹ کے باجوود اس وقت تک مسلم لیگ ن آّزادکشمیر کے عوام کو کوئی واضح پالیسی نہ دے سکی ۔ انہوں نے کارکنوں کی جانب سے بجلی بلات میں بلاجواز اضافے پر کہاکہ لائن آف کنٹرول کے بلاتنخواہ سپاہیوں نیلم کے عوام کا بنیادی حق ہے کہ ان کو بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے ایک ایک صارف کو ماہانہ 15 سے 20 ہزا روپے بل اداکرنا انتہائی ظلم ہے ۔اس موقع پر سابق وزیر حکومت مرتضیٰ علی گیلانی ، دیوان علی چغتائی، شمیم علی ملک ، مفتی منصورالرحمن ،صداقت شاہ ، خواجہ شفیق ، ، یاسر نقوی ، ،میر عتیق الرحمن،عنصرپیرزادہ ، وحید مغل ، یاسر کاظمی ، عبدالمجید مغل ، سجاد انور عباسی ، راجہ احسان حیدر، خواجہ شیریار شفیق ، راجہ زاہد ، مظہر مفتی ایڈووکیٹ ، صموداعوان ایڈووکیٹ، میر گوہر الرحمن ،میاں عبدالقدوس اسحاقی ، مسلم کانفرنس شاردہ کے جنرل سیکرٹری ارشد ملنگی ، ممبریونس ، ملک عبدالرشید ، غلام محی الدین خان، شرافت میر ، ٹھیکیدار مرز اخان سمیت سینکڑوں افراد نے عشائیہ تقریب میں شرکت کی ۔تقریب سے پہلے مہمانوں کی آمد پر ارشد ملنگی کی جانب سے مہمانوں کوخوش آمدیدکہنے کیلئے دودھنیال ، بیلہ محمد خان، شیخ بیلہ ، تہجیاں، منڈکرو، دوسٹ ، شاردہ ، سرگن سے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود جس میں میزبان حاجی ملکی امان ، حاجی خانیزمان ، عبدالرحمن،ریٹائرڈ حوالدا رمنظور احمد، ٹھیکیدار مرزا، ولی ارشاد ،شراف الدین والد ستار محمد، ریٹائرڈ ماسٹر محمد حسین، حیات دانش ، شاہزمان ، صوبہ خان ،وقار عزیز نے صدر جماعت کو پھولوں کے ہار ڈال کا ویلکم کیا۔اس موقع پر مسلم کانفرنس اور صدر جماعت سردار عتیق احمد خان، مجاہد ائول سردار عبدالقیوم خان، مفتی منصور الرحمن، شمیم علی ملک، خواجہ شفیق کے نام کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی ۔
