مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں ن لیگ کا لندن اجلاس میں اتفاق

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی قیادت لندن میں جمع ہے جہاں میاں نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اتفاق ہوا ہیکہ مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں۔ لندن میں مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف سمیت دیگر اہم پارٹی رہنما شریک ہیں۔ شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف اجلاس میں شرکت کے لیے اچانک لندن پہنچے ہیں جب کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف سعودی عرب سے لندن پہنچے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا میں اتفاق ہوا ہے کہ کوئی مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں ہے اور ملک میں کوئی ماورائے آئین اقدام بھی قبول نہیں ہوگا۔اجلاس سے قبل میاں نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان حسن نواز کے دفتر میں اہم ملاقات ہوئی جس میں شہبازشریف بھی شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور میاں نوازشریف کے درمیان ملاقات میں نیب ریفرنسز سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہیکہ میاں نوازشریف نے نیب ریفرنس میں 3 نومبر کو پیشی کے لیے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ جمعرات کے روز وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
لندن(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما کے بجائے اقامہ پر ایک وزیر اعظم کو نکال دیا جائے تو ملک میں کس طرح استحکام اور خوش حالی آئے گی،کراچی میں امن کو بحال کیا اور ملک میں دہشتگردی پر قابو پایا،جب سے مجھے نکالا گیا ہے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی، ہم ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو دس قدم پیچھے جانا پڑتا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، کراچی کے لوگوں سے پوچھیں کہ 4 سال پہلے شہر کے حالات کیا تھے لیکن ہم نے بجلی بحران کا تقریباً خاتمہ کیا، کراچی میں امن کو بحال کیا اور ملک میں دہشتگردی پر قابو پایا۔ جو منصوبے ملک کی تاریخ میں 10، 10 سال مکمل ہوتے تھے وہ اب ڈیڑھ برس میں مکمل ہورہے ہیں، اس کا سہرا موجودہ حکومت کو دیاجانا چاہیے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ جب حکومت کمزورہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے، پاکستان میں استحکام آیاتھا لیکن اب ملک دوبارہ مشکل دور سے گزر رہا ہے، پاناما کے بجائے اقامہ پر ایک وزیر اعظم کو نکال دیا جائے تو ملک میں کس طرح استحکام اور خوشحالی آئے گی۔ جب سے مجھے نکالا گیا ہے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ ہم ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو دس قدم پیچھے جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ ہسپتال میں زیرعلاج تھیں ، انشا اللہ جلد وطن واپس آوں گا، اس حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔
#/S
