محتسب اعلی آزادکشمیر سید ممتاز حسین نقوی انتقال کر گئے،انا للہ واناالیہ راجعون
مظفرآباد(وقائع نگار)محتسب اعلی آزاد کشمیر سید ممتاز حسین نقوی انتقال کر گئے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ گزشتہ روز یونیورسٹی کالج گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صدر ریاست سردار مسعود خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ابراہیم ضیاء ،چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبان ، ماتحت عدلیہ کے ججز ، وکلائ، سابق وزیر سید بازل علی نقوی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر، مذہبی راہنما علامہ کفایت حسین نقوی ، سیکرٹریز حکومت ، محتسب حکام ،سیاسی ، مذہبی ، صحافتی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محتسب اعلی سید ممتاز حسین نقوی گزشتہ چند ماہ سے صاحب فراش تھے۔ مرحوم کا شمار ریاست کی با صلاحیت شخصیات میں ہوتا تھا۔ سید ممتاز حسین نقوی مرحوم دو مرتبہ آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن رہے۔ مرحوم آزاد جموں کشمیر پبلک سروس کمشن میں چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ سید ممتاز حسین نقوی دیانت اور شرافت کا پیکر تھے۔ مرحوم کو گزشتہ روز ہزاروں سوگوران کی موجودگی میںآبائی قبرستان پیر علم شاہ بخاری میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر چودھری یاسین،روزنامہ کشمیر ٹائمز کے چیف ایڈیٹر افضل بٹ،ایڈیٹر ارشد ثانی نے ممتاز نقوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے
