وسائل کی کمی نہیں،بہتر منصوبہ بندی سے انقلاب لایا جا سکتا ہے،سردار عتیق

نیلم/شاردہ(نمائندگان کشمیرٹوڈے) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمران 15ماہ کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں،ایکس پریس وے،بڑے ہسپتالوں اور ہر ایم ایل اے کے وعدوں کو پورا کرنے کے وہ اعلانات کہاں گئے جو نااہل وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے الیکشن کے دوسرے دن مظفرآباد میں کیے تھے۔آزاد کشمیر کے عوام آج بھی لوڈشیڈنگ کا سامناکر رہے ہیںتاریکی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں،این ٹی ایس کے فیصلے متنازعہ ہو چکے ہیں اس صورتحال میں آزاد کشمیر کا عام آدمی مایوس ہو رہا ہے مگر ہم آزاد کشمیر کے عوام کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ہر محاذ پر عوام کی رہنمائی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وادی نیلم کے دورہ کے آخری روز ٹکی پیراں مسلم کانفرنس کے بزرگ رہنماء سید غلام حسین شاہ عرف نانگا شاہ کی طرف سے دیئے گئے ڈنر کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار عتیق احمد نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی عوام کے عزت و وقار کی علامت ہے۔کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیر کا تشخص بحال وبرقرار رکھنا ہماری جماعت کا رہنما اصول ہے۔یہ قائد کشمیر چوہدری غلام عباس کا متعین کردہ راستہ ہے جس پر مجاہد اول کی قیادت میں ہمارا سفر جاری ہے اس کے سوا تمام جماعتیں موسمی اور حادثات کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک چھوٹا سا خطہ ہے جہاں بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔وسائل کی کوئی کمی نہیں اس خطے میں بہتر منصوبہ بندی اور وسائل کے درست استعمال سے انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے،سرسبز اور ہنر مند کشمیر میں اسی تصور کو پیش نظر رکھا گیا تھا۔اگر ہمیں کچھ وقت اور ملتا تو آزاد خطہ تعمیروترقی کا مثالی نمونہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے دروازے تمام سیاسی کارکنوں کے لئے کھلے ہیں۔ہم کارکنوں کی عزت ونفس اور رائے کا احترام کرتے ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشہ دیوار ہے کوئی بھی انتخاب اقوام متحدہ کی قراردادوں کا متبادل نہیں ہو سکتا،وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام حق خودارادیت حاصل کر لیں گے۔اس سے قبل جب صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان بالائی نیلم کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لوئر نیلم کی یونین کونسل نیلم کے علاقہ ٹکی پیراں پہنچے تو وہاں سید غلام حسین شاہ نے کارکنوں کے ہمراہ صدر مسلم کانفرنس اور مظفرآباد ڈویژن کی قیادت کا شاندر استقبال کیا۔اس موقع پر سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،دیوان علی خان چغتائی،شمیم علی ملک،مفتی منصورالرحمن،راجہ ثاقب مجید،میرعتیق الرحمن،انصر پیر زادہ،خواجہ محمد شفیق،سید صداقت حسین شاہ،سجاد انور عباسی،سید یاسر نقوی،میاں عبدالقدوس اسحاقی،میاں شریف جاگوی،سید یاسر کاظمی،عبدالمجید مغل،ملک ذوالفقار،وحید مغل،راجہ زاہد،راجہ طفیل،راجہ احسان حیدر،خواجہ شیریار شفیق،خواجہ بلال قیوم،چن بادشاہ،سید ذاکر شاہ،خالد نذیر مغل،چوہدری مشتاق احمد،خواجہ عبدالوحید اور دیگر ان ہمراہ تھے۔