فاروق حیدر کے غیرملکی دورے ناکام،تارکین وطن آزادحکومت سے ناراض،4کھرب واپس برطانیہ منتقل

میرپور(وقاص صدیق سے)صد رآزادکشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزراء آزاد کشمیرکے ایک سال میں درجن غیر ملکی دورے، تارکین وطن کے مسائل حل نہ ہو سکے، تارکین وطن کی میرپور کے بنکوں میں پڑی رقوم میں پچاس فیصد سے زائد کمی، تارکین وطن نے اپنی رقوم برطانیہ منتقل کرنا شروع کر دیں، میرپور کی معیشت خطرے میں، کاروبار مفلوج ہو کر رہ گئے، تفصیلات کے مطابق صدر آزادکشمیر، وزیراعظم اور وزراء نے گزشتہ ایک سال میں ایک درجن کے قریب غیرملکی دورے کئے، برطانیہ، یورپ، امریکہ ، متحدہ عرب امارات کے دورے کرنے والے حکمرانوں نے تارکین وطن کو دلاسے تو دیدئے کہ انکے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور تارکین وطن کیلئے خصوصی ادارے بنانے کی بھی قسمیں کھائی گئیں مگر عملاً ان وعدوں میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا، تارکین وطن کے بڑھتے ہوئے مسائل، زمین و جائیداد کو درپیش خطرات، تارکین وطن کے کورٹ کیسز کی سست روی اور دیگر معاملات سے دلبرداشتہ تارکین وطن نے اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا شروع کر دیا، باوثوق ذرائع کے مطابق میرپور شہر کے بنکوں میں تارکین وطن کی 7 سو ارب روپے سے زائد کی رقوم کم ہو کر 3 سو ارب کے لگ بھگ رہ گئی ہیں جو میرپور کی معیشت کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ تازہ ترین صورتحال کے مطابق تارکین وطن میرپور سے اپنی زمینیں، جائیدادیں اور کاروبار فروخت کر کے رقوم برطانیہ منتقل کر رہے ہیں جس کی وجہ سے میرپور میں کاروبار بری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور تارکین وطن سے بار بار جھوٹے وعدوں کی وجہ سے تارکین وطن کا اعتماد بری طرح سے مجروح ہوا ہے۔