نااہل شخص کو سرکاری پروٹوکول دینا شرمناک ہے:عمران خان

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پروٹوکول پر کڑی تنقید کی ہے۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ نااہل شخص کو ٹیکس دہندگان کے خرچے پر سرکاری پروٹوکول دینا انتہائی شرمناک ہے، وزیراعظم  کیسے نواز شریف کوسرکاری پروٹوکول دے سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کیسے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے کو پروٹوکول دے سکتے ہیں اور کیسے نوازشریف کو پنجاب ہائوس میں رہائش کی منظوری دے سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لیگی حکومت کا نواز شریف کو پروٹوکول جرم کو خوشنما بنانے کی کوشش ہے، نواز شریف کو پروٹوکول دے کرشریفوں کی کرپشن اور سنگین مالی جرائم کو خوشنما بنایا جارہا ہے۔