کشمیر میں سات دہائیوں سے بہتا لہو ضرور رنگ لائے گا:صلاح الدین

مظفر آباد (صباح نیوز) متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ  کشمیر میں سات دہائیوں سے بہتا لہو ضرور رنگ لائے گا۔ ان خیالات کا اظہار حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے اوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے مجاہد معظم الدین اور محمد اکرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ موصوف مجاہدین شہید برہان مظفر وانی سکارڈ سے وابستہ تھے جنہوں نے اپنی چڑھتی جوانیوں کو اسلام اور آزادی کی راہ میں لٹا دیا۔ انہوں نے کہا شہداء کا مقدس لہو ہرگز ضائع نہیں ہوگا۔ ان شاء اللہ عنقریب اس لہو سے آزادی کا سورج طلوع ہوگا اورمظلوم کشمیری عوام بھارت کے غاصب قبضے سے چھٹکارا پائیں گے ۔ سید صلاح الدین نے پلوامہ کے علاقے میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران شہید ہونے والے مجاہدین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ بھارتی تسلط سے نجات تک جدوجہد جاری و ساری رہے گی۔ آخر پر انہوں نے ہفتہ رفتہ کے شہداء کی بلند درجات کے لئے دعا کی۔