پاکستان کی عدلیہ احتساب پر انتقام کی چھاپ نہ لگنے دے،آزادکشمیر کابینہ

مظفرآباد(وقائع نگار)آزاد جموں کوکشمیر کابینہ نے محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ برقیات میں نارتھ اور سائوتھ زونز ختم کر دیئے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ،گندم کی پسوائی ،چارجز کو سبسڈی قرار دیے جانے سے متعلق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے کمیٹی 10روز میں رپورٹ پیش کرے گی کابینہ اجلاس میں آزادکشمیر میں کھیلوں کے فروغ اور منصوبوں کے اجراء کے لیے سپورٹس سیس کے نفاذ سے متعلق وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو تمام امور کا جائزہ لے کر رپورٹ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی کابینہ نے آزادکشمیر پریس فائونڈیشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے آزادکشمیرکابینہ کا جلاس منگل کے روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صدارت میں وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر قانون پارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز، وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر نجیب نقی، وزیر جنگلات سردار میر اکبر، وزیر صنعت و تجارت محترمہ نورین عارف، وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس ، وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، وزیر مال سردار فاروق سکندر، وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ، وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد سعید، وزیر بحاللیات ناصر ڈار، سینئر مشیر خان بہادر خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجا ز منیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سیکرٹری مالیات فرید تارڑ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت ، سیکرٹری اطلاعات و سیاحت منصور قادر ڈار سیکرٹری قانون و انصاف ارشاد احمد قریشی اور دیگر محکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلا س میں آزادکشمیر کے عوام کو معیاری اور سسٹے آٹے کی فراہمی گندم کی پسوائی چارجز کو سبسڈی قراد دیئے جانے کی تجویز پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے کمیٹی میں سیکرٹری خوراک اور سیکرٹری مالیات بھی شامل ہیں یہ کمیٹی 10روز میں رپورٹ تیار کر کے پیش کرے گی آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس میں آزادکشمیر میں سپورٹس کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کے لیے ریاست کے اندر بجلی کے بلوں میں ایجوکیشن سیس کے نفاذ سے متعلق وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے کمیٹی میں وزیر سپورٹس ،سیکرٹری مالیات ،سیکرٹری قانون اور سیکرٹری سپورٹس شامل ہیں یہ کمیٹی مفصل رپورٹ تیار کر کے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی کابینہ اجلاس میں محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ برقیات کے سائوتھ اور نارتھ زونز ختم کر دیے گئے ہیں دونوں محکموں میں نارتھ اور سائوتھ زونز کی بنیاد پر تخلیق کی گئی آسامیوں کو دیگر ہم پلہ جات محکمہ جات کی آسامیوں کی طرز پر Re-designateکیا جائے گا اس اقدام کا مقصد شمال اور جنوب کی بنیاد پر علاقائی تقسیم کو ختم کرنا اور بین الاضلاعی ہم آہنگی میں اضافہ کرنا ہے کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری سروسز نے کابینہ کی طرف سے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی اور کمیٹیوں کے کام کی پیش رفت سے اراکین کو آگاہ کیا آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے پریس فائونڈیشن ترمیمی ایکٹ کے تحت پریس فائونڈیشن میں الیکٹرانک میڈیا کی شمولیت ممکن ہو سکے گی ترمیمی ایکٹ میں صحافی کی تعریف کی جائے گی اور کم از کم کوالیفیکیشن کا تعین کیا جائے گا آزادکشمیر کے جملہ پریس کلبز کی رجسٹریشن ہو گی صحافتی ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے گا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جا سکے گا پریس فائونڈیشن شکایات پر 45روز کے اندر فیصلہ کرے گی کابینہ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے 3اکتوبر 2017کے فیصلہ جات پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی کابینہ کا اجلاس کئی گھنٹے جاری رہا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کابینہ نے جتنی بھی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ان سے جلد از جلد رپورٹ لی جائے تاکہ اعلیٰ سطح پر کیئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد ممکن ہو سکے جملہ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد سفارشات مرتب کریں تاکہ معاملات کو ختمی شکل دی جا سکے ۔

مظفرآباد(وقائع نگار)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، زراعت و امور حیوانات، ورکس و مواصلات کے 1ارب31کروڑ وپے سے زائد مالیت کے 8منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں کابینہ ارکان، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات،سیکرٹری مالیات ، وفاقی حکومت کے نمائندگان ، متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔ منظور کیئے گئے  منصوبہ جات میں لائن آف کنٹرول سے ملحقہ6سب ڈویژنز میں بم ناکارہ بنانے کے حوالہ سے اقدامات،آزادکشمیر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے غربت کے خاتمے کیلئے پیداواری یونٹس کا قیام،بہترگی و پختگی رابطہ سڑکات 25کلومیٹر ضلع باغ،تعمیر125میٹر آر سی سی پل بلوارا ضلع بھمبر،75میٹر سپین پل بمقام چھانجل معہ اپروچ روڈ ضلع حویلی،مرمتی و بحالی موجودہ پل ہاء سائوتھ زون آزادکشمیر اور بہترگی و مرمتی کوٹ جیمل افتخار آباد روڈ11کلومیٹر ضلع بھمبر شامل ہیں۔ کابینہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزراء ماہانہ بنیادوں پر محکمانہ ترقیاتی جائزہ اجلاسوں کا انعقاد کریں۔ وزیر اعظم نے پہلی سہہ ماہی کے ترقیاتی بجٹ کے تصرف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو برقرار رکھا جائے۔ اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریز حکومت وزراء کرام سے خاص رابطہ رکھیں اور ان سے گائے بگائے رہنمائی حاصل کرتے رہیں اور مشاورتی عمل کو یقینی بنایا جا ئے ۔

مظفرآباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کو برابری کی بنیاد پر انصاف ،ترقی کے مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے این ٹی ایس کے نفاذ اور پبلک سروس کمیشن کی میرٹ پر تشکیل نو اس حوالے سے اہم قدم ہے یہ سلسلہ بتدریج بڑھایا جا رہا ہے ہماری حکومت نے عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی بجٹ مختص کیا بڑے انتظامی ڈھانچے کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچنا چاہیے بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا ماضی میں آزادکشمیر پبلک سروس کمیشن اور اساتذہ کو بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات میں فیل ہونے والے غریب ،باصلاحیت افراد نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا این ٹی ایس ٹیسٹ نے ہمارے تعلیمی معیار کا پول کھول دیا 36ہزار سے زائد امیدواروں میں سے صرف 6ہزار افراد کامیابی حاصل کر سکے وزیراعظم آزادکشمیر گزشتہ روز کابینہ اجلاس سے خطاب کر رکھے تھے انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ چھوٹی چھوٹی صنعتوںکو فروغ دیا جائے زلزلہ کے بعد لوگوں نے زمینداری چھوڑ دی۔کام نہ کرنے کی عادت نے معاشی مسائل میں اضافہ کر دیا ہے آزادکشمیر میں پہلے ہی بے روزگاری بہت زیادہ ہے حکومت کی رٹ کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا ملازمین تنظیموں سے متعلق عدالتی فیصلہ پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ابتداء میں آزادکشمیر کے اڑھائی اضلاع تھے اب 10ضلعے ہو گئے ہیں اتنے بڑے ڈھانچہ کا عوام کو کیا فائدہ ہے اس کا بھی جائزہ لینا ہو گا 80ہزار ملازمین ہیں جن میں سے ہر ایک ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی جگہ اپنے بیٹے کو لگانا چاہتا ہے ریاست کے بنیادی اصول ہیں کہ برابری کی بنیاد پر مواقع اور برابری کی بنیاد پر انصاف ملے 40لاکھ آبادی کی اس تک رسائی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ۔

مظفرآباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس بدھ کے روز وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیرا عظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت کشمیر کونسل کے بجٹ اجلاس میںآزاد جموںو کشمیر کے مالی خسارہ کو پورا کرنے کیلئے اضافی رقم کی فراہمی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔وزیراعظم پاکستان نے قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن خوشحال کشمیر کو اپناتے ہوے آزادکشمیر کے لیے ہرطرح کاتعاون جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہے ۔اجلاس اس توقع کااظہار کرتا ہے کہ کشمیر کونسل کے ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے کشمیری عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ اجلاس قائد پاکستان محمد نواز شریف کی پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی ،استحکام اور آئین کی پاسداری کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر انہیں سلام پیش کرتا ہے ۔قائد پاکستان محمد نواز شریف نے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذات کو احتساب کے لیے پیش کر کے مثال قائم کرتے ہوئے ایک اعلیٰ روایت قائم کی ہے اب یہ اعلی عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتساب پر انتقام کی چھاپ نہ لگنے دے اور پاکستان کے عوام کو بھی لگے کہ انصاف ہو رہاہے انتقام نہیں ۔اجلاس پی ٹی آئی کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کی شدید مذمت کرتا ہے ،اس حوالے سے بعض جماعتوںکی طرف سے جمہوریت دشمن اقدامات کے خلاف سندھ اسمبلی نے جو قرارداد منظور کی ہے اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ وہ وقت کی آواز ہے ۔اجلاس تمام جمہوری قوتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کو جاری رکھیں اور ایسے عناصر کے خلاف جو صرف اپنے اقتدار کے لیے ملک میں اداروں کو آپس میں لڑانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں کو جمہوری اور سیاسی انداز سے سبو تاژکردیں تاکہ ملک کسی بھی سیاسی بے چینی کا شکار نہ ہو ۔ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت کے خلاف بھارت کے جابرانہ اورمتشدد اقدامات کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات بھارت کے جمہوری چہرے پر بدنما داغ ہے بھارت نے اس طرح کے اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں ہیں جن سے انسانیت بھی شرما کر رہ گئی ہے ۔اجلاس اقوام عالم سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی ا فواج کی ان ظالمانہ کارروائیوں کا نوٹس لے اور اسے اس طرح کے واقعات سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے ۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں اور نہتے عوام بالخصوص عورتوں ، بچوں ، بوڑھوں کو نشانہ بنانے کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور لائن آف کنٹرول کے غیور عوام اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں ۔ اجلاس شہداء کو خراج عقیدت اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور انکے ریلیف کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر اطمیان کا اظہار کرتا ہے ۔ اجلاس یو م تاسیس کو شاندار انداز میں منانے پر آ زادکشمیر ،پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔یوم تاسیس کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ ہے کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مقبوضہ کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزاد کر ا کر کشمیری قائدین کے اس خواب کی تکمیل نہ کرلیں جن کی منزل الحاق پاکستان ہے ۔ اجلاس کشمیری عوام کی جانب سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے اور 6 نومبر کو یوم شہدائے جموں منانے کی اقدامات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔بھارتی فوج نے اقوام عالم کے قوانین اور برصغیر کی تقسیم کے اصولوں کو روندتے ہوے 27 اکتوبر کو اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر داخل کر دیں تھیں اور نہتے کشمیری عوام کے اپنے جابرانہ اقدامات کے ذریعے غلامی کی زنجیروں میں جکڑ لیا ہے  اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ بھارتی حکومت کا اقدام تمام تر جمہوری اصولوں کے منافی تھا جس پر احتجاج آج بھی جاری ہے اور کشمیری عوام ہر سال 27 اکتوبر کو اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں کہ یہ قبضہ ہمیں ہر گز قبول نہیں ہے ۔دوسری جانب جموں میں مسلم تناسب کو کم کرنے کے لیے 6 نومبر کو بھارتی فوج کی ملی بھگت سے جو خون کی ہولی کھیلی گئی اس سے بھی انسانیت شرما کر رہ گئی ہے ۔مسلمانوں کو جس درندگی سے تہہ تیغ کیا گیا وہ نازی مظالم کو بھی مات دے دیتا ہے ۔6 نومبر ہر سال بھارتی فوج کی درندگی کو آشکار کرتا ہے مگر کشمیری عوام کا عزم و حوصلہ اپنی جگہ قائم و دائم ہے کہ بھارت سے ہر حال میں آزادی لیکر رہیں گے ۔ اجلاس صدر ریاست جموں وکشمیر سردار محمد مسعودخان اوروزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے کامیاب یورپی دوروں پر مبارک باد پیش کرتا ہے۔بلاشبہ ان دوروں سے کشمیریوں کے موقف کو بہتر ،مدلل ،جامع اورپر اثر انداز میں پیش کر کے رائے عامہ کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔اجلاس وزیرا عظم کے عوام دوست اقدامات پربھی انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی ،مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی اور آزاد خطہ میں قانون ،انصاف اور میرٹ کے قیام کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا ۔
#/S