کے جے ایف کرکٹ ٹورنامنٹ بولتا پاکستان اور کشمیر ٹربیون نے جیت لیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کشمیرجرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام یوم تاسیس کے سلسلہ میں منعقد کرایا گیا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ بولتا پاکستان اور کشمیر ٹربیون کی مشترکہ ٹیم نے 46 رنز سے جیت لیا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ روزنامہ جموں کشمیر کی ٹیم سے بھٹو کرکٹ گرائونڈ میں جمعرات کو ہوا جس کے مہمان خصوصی ممتازحریت رہنما الطاف احمدبٹ تھے جنہوںنے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الطاف احمد بٹ نے کہاکہ صحت مندسرگرمیوں کا صحافیوں کے لئے انعقاد انہتائی خوش آئند ہے۔ ایک صحافی کے لئے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے دوران کھیل کے میدان کے لئے وقت نکالنا حوصلہ افزاء ہے ۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کشمیر جرنلسٹس فورم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں اکائیوں سے تعلق رکھنے والے کشمیرجرنلسٹس فورم کے ممبران کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ قومی و بنیادی ذمہ داری مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔ وہ قلمی محاظ پر کشمیر کے وکیل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسی سرگرمیوں میں وہ کشمیر جرنلسٹس فورم کے ساتھ بھر پور تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل سی بی آرنے قائم رازی ہسپتال میں صحافیوں کے علاج کے لئے وہ پہلے ہی 80 فیصد ڈسکائونٹ کااعلان کر چکے ہیں۔ صحافی برادری کے ساتھ جس ممکن حد تک ممکن ہوامکمل تعاون کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آج کھیل کے میدان غیر آباد ہیں وہاں کانوجوان بھارتی ظلم و تشدد کاشکار ہے اس کے بنیادی حقوق بھارتی جارع افواج نے غضب کررکھے ہیں ۔خواتین اور بچوںکو بھی ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔ قبل ازیں بولتا پاکستان اور کشمیر ٹربیون کے کپتان سردار نثار نے ونرکپ مہمان خصوصی سے وصول کیا۔ رنر اپ کا کپ جموں کشمیر کے کپتان شہزادراٹھور نے وصول کیا جنہوں نے میچ کے دوران عمدہ بالنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 2اوورز میں 3اہم وکٹیں حاصل کیں۔ مین آف دی ٹورنامنٹ کاایوارڈ سردار نویدانجم جبکہ مین آف دی میچ کاانعام منصوراحمد نے حاصل کیا۔ تقریب سے کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر سردار عابد خورشید ، سیکرٹری زاہد اکبر عباسی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق صدر اعجازعباسی نے بھٹو کرکٹ گرائونڈ کے انچارج ابرار رضوی کو شیلڈ دی جبکہ میچ کے ایمپائر فیاض خان کو کشمیرجرنلسٹس فورم کی جانب سے شیلڈدی گئی ۔مہمان خصوصی الطاف احمد بٹ کو فورم کی جانب سے اعزازی شیلڈدی گئی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ 24 اکتوبر کو فلڈ لائٹ کھیلاگیا تھا جس میں 10ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور اس کافائنل جمعرات کو بھٹو کرکٹ گرائونڈ میں ہوا۔