کبھی آپ نے سوچاکشمیری نوجوان پاکستان کے گن کیوں گاتے ہیں؟ انجینئر رشیدکا بھارت سے سوال

جموں(کے پی آئی) عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ  انجینئر رشید کو ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر اسمبلی سے  مارشل آوٹ کر دیا گیا  جب انہوں نے بانڈی پورہ میں ایک کھیل مقابلے کے دوران پاکستانی ترانہ   چلانے  کے الزام میں مقامی کھلاڑیوں کی گرفتاری  کا معاملہ اٹھایا  انجینئر رشید نے کہا کہ اگر کشمیر میں کرکٹ کھیلتے بچے پاکستانی ترانے گنگناتے ہیں تو اس میں انکی کوئی غلطی نہیں ہے بلکہ یہ ریاستی اور بھارتی حکومت  کی ناکامی ہے جنہیں مزید دیر ہوئے بغیر اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں اپنے آپ کو مین سٹریم  ( بھارت نواز )کے سیاستدان کہلانے والوں کو سوچنا ہوگا کہ کشمیری نوجوان پاکستان کے گن کیوں گاتے ہیں۔اس دوران پی ڈی پی اور بی جے پی کے ممبران کے ساتھ گرم گفتاری کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ چونکہ نئی دلی مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کیلئے کوئی بھی ٹھوس اقدام کرنے میں ناکام ہوئی ہے جموں کشمیر کے نوجوان مین سٹریم اور مزاحمتی خیمے کے لیڈروں سے بھی مایوس ہوچکے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ قیادت انہیں کچھ بھی دینے میں ناکام ہوئی ہے۔اس موقعہ پرممبراسمبلی بانڈی پورہ عثمان مجیدنے گرفتار کھلاڑیوں کی رہائی کامطالبہ کیا۔