دھیرکوٹ،لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو،شہریوں کی چیخیں نکل گئیں

دھیرکوٹ(راجہ انعام الحق خان)دھیرکوٹ میں ایک مرتبہ پھر لوڈشیڈنگ کا جن نکل آیا، وقت بے وقت بجلی کی بندش معمول بن گئی ، آنکھ مچولی نے کاروبارِ زندگی معطل کررکھاہے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے سے عوام میں شدید تشویش پیداہوگئی،گزشتہ کئی روز سے وزیراعظم کے احکامات کے برخلاف دھیرکوٹ میں لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، تاجروں کو شدید مشکلات کاسامنا، عوام کو عدالتی کام کیلئے گھنٹوں بجلی کاانتظارکرناپڑتاہے، ہسپتالوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مشینری بندرہتی ہے اورمریض بری طرح رُلتے رہتے ہیں، تاجروں اورعوامی نمائندوںنے کہا ہے کہ بجلی کے نظام کو فی الفور درست کیاجائے، بجلی کی عدم ترسیل اورناقص نظام سے ہم عاجز آچکے ہیں، لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھمنے کانام ہی نہیں لے رہاہے جس وجہ سے ٹیلرز،ورکشاپس ،فوٹواسٹیٹ ،اسٹوڈیو اوردیگر بجلی سے چلنے والے تمام کاروبار ٹھپ ہیں ،وزیرآزادکشمیر راجہ فاروق حیدر اوروزیربرقیات اس کا نوٹس لیکر بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کے احکامات جاری کریں، بصورت دیگر ہم راست اقدام پرمجبورہوں اور شدیداحتجاج کریںگے جس کی تمام ترذمہ داری محکمہ برقیات پرعائدہوگی۔
