نواز شریف کی سیاست کا سورج بھی ماضی کا قصہ بننے والا ہے،سردارعتیق

سہنسہ(نمائندہ خصوصی)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نوازشریف کا اقتدار تو چلا گیا اب سیاست کا سورج بھی اندھیروں میں ڈوب کر ماضی کا قصہ پارینہ بننے والا ہے۔لگتا ہے ٹرمپ امریکن نہیں بلکہ بھارت کی زبان بول رہا ہے۔غیر ذمہ دارانہ بیانات سے امریکہ تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔ فاروق حیدر نے ایڈمنسٹریٹروں کی تعیناتی کرکے حکومت نے توہین عدالت کا ارتکاب کیا ہے۔ فوج کی قربانیوں کے نتیجہ میں ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ پاکستان کے تعاون کے بغیر امریکہ افغانستان میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کرنے کا وقت آگیا ہے۔ امریکی صدر اور بھارتی آرمی چیف کے بیانات پاکستان کو دبائو میں لانے کی سازش ہے۔ پاکستان جنگ سے گھبرانے والا نہیں اور نہ ہی بھارت کی گیدڑ بھبکھیوں سے ڈرنا والا ہے۔ بھارت نے ناگاساقی کی تباہی سے سبق حاصل نہیں کیا۔ مسلم کانفرنس ریاستی جماعت ہی نہیں استحکام پاکستان کی داعی ، مسلح افواج کی پشت پنا ہ اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور آئندہ کرتی بھی رہے گی۔ انھوں نے مسلم کانفرنس حلقہ سہنسہ کے صدر راجہ الیاس خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں کی۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کے تشخص اور وقار کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ریاستی تشخص کی ضامن اور استحکام پاکستان کی داعی یہی جماعت ہے جس نے بے پناہ مشکلات کے باوجود ریاستی تشخص کو برقرار رکھا اور کشمیریوں کے مفادات کے لیے عملی طور پر برسرپیکار رہی۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے خلاف ہونے والی سازشیں اب دم توڑ چکی ہیں وہ مخلص و نظریاتی کارکنان جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں جو نامساعد حالات اور مشکلات میں رکاوٹوں مخالفتوں کے باوجود استقامت کے ساتھ جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں وہی ہمارا سرمایہ حیات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے اسمبلی کے اندر آج ہماری عددی تعداد کم ضرور ہے مگر ریاستی عوام کی نمائندگی مسلم کانفرنس ہی کررہی ہے۔ ایوان کے اندر ہوں یا باہر ہوں کشمیریوں کے حقوق پر پہرے داری کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے ۔مسلم کانفرنس قائد اعظم کی دعائوں ، رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم کی قربانیوں کا ثمر ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی سیاسی جماعتوں اور حکمرانوں نے جب بھی مسئلہ کشمیر پر پسپائی اختیار کی ریاستی جماعتوں کو توڑنے یا کمزور کرنے کی سازش کی گئی تو ریاستی عوام، نظریاتی اور باضمیر لوگوں نے مسلم کانفرنس کے پرچم کو تھام لیا اور ان رکاوٹوں مخالفتوں کو ناکام بنایا ۔ملک کے اندر ہر دو چار سال کے بعد عادی مجرم ، سیاسی بھگوڑے جب نیا گھونسلہ تیار کرتے ہیں جمہوری سسٹم کو نقصان پہنچانے، ریاستی تشخص کو مجروع کرنے ،مسلم کانفرنس کے ہاتھ پائوں باندھنے ، ٹانگیں توڑنے کی سازشیں ہوتی ہیں تو یہ جماعت ہمیشہ نظریاتی پختگی ،فکری لام بندی اور پاکستان سے نظریاتی تعلق کے باعث ہمیشہ سرخرو ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف تین بار وزیر اعظم بن چکے ہیںمگر جب بھی وہ اقتدار میں آتے ہیں تو پاکستان کے اندر سیاسی معاشی بحران سر اٹھالیتے ہیں،نظریاتی اختلافات کھل کر سامنے آجاتے ہیں ، داخلی و خارجی پالیسیاں ناکام ہوجاتے ہیں عوام بدامنی اور اضطرابی کیفیت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ان کی سادگی ، سیاسی سوج بھوج نہ ہونے اور عالمی تناظر پر گہری نظر نہ ہونے کے باعث آ ج پاکستان لاتعداد مسائل کا شکار ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کو چھوڑنے والے آج خود پریشان اور محفوظ پناہگاہوں کی تلاش میں سرگرداں ہیں ۔انشاء اللہ بہت سارے لوگ واپس اسی گھر میں آجائیں گے جہاں انھوں نے تربیت حاصل کی کیوںکہ مسلم کانفرنس ایک سیاسی درسگاہ ہی نہیں بلکہ سیاستی انسٹی ٹیوٹ کا درجہ رکھتی ہے جہاں سے لوگ سیاست سیکھتے بھی ہیں ، اقتدار میں بھی جاتے ہیںاور حکومتیں بھی بناتے ہیں۔
دریں اثنا سردار عتیق احمد خان نے مسلم کانفرنس کی تمام تنظیموں خصوصاً صوبہ پنجاب کی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر 17 جنوری کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ مسلم کانفرنس آخری دم تک طاہر القادری کے موقف کے ساتھ کھڑی ہے۔ سرکاری سرپرستی میں ماڈل ٹائون میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ نہتے معصوم شہریوں پر اندادھند فائرنگ کر کے قتل عام کیا گیا جس پر مسلم کانفرنس روز اول سے ہی سراپا احتجاج ہے۔ صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ کی قیادت میں مسلم کانفرنس کے قافلے لاہور احتجاج میں شرکت کریںگے۔ مسلم کانفرنس پنجاب کے صدر فیض محمد چوہدری ، لاہور سرکل کے صدر حاجی اقبال قریشی،گجرانوالہ سرکل کے صدر حاجی مرزا محمد ریاض، گجرانولہ کے صدر وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ، گجرات کے صدر مرزا محمد اکرام، نارروال کے صدر شفقت سلہریا ایڈووکیٹ، ضلع سیالکوٹ کے صدر محمد افضل ہمایوںکی قیادت میں قافلے شرکت کریں گے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ن لیگ نے پاکستان کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ ورلڈ بنک سے اربوں ڈالر کا قرضہ ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی گہری سازش ہے۔ قصور جیسے واقعات ن لیگ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ ن لیگ سے چھٹکارا چاہتا ہے۔ ن لیگ کبھی ختم نبوت پر حملہ آور ہوتی ہے تو کبھی پاکستان کھوکھلا کرنے کے لئے سازشیں کی جاتی ہیں۔ انھوںنے کہا کہ بلوچستان سے اٹھنے والی لہر پورے پاکستان سے ان کا صفایا کرے گی۔ سردار عتیق نے کہا کہ ن لیگ کا قومی اداروں سے ٹکرائو پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش کر رہی ہے۔
