نیلم میں فرضی اور جعلی سکیموں کی چھان بین کا فیصلہ

 نیلم (بیورورپورٹ)  ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل نیلم نواز اعوان نے کہا ہے قیادت کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ادارہ کی آمدنی سے نیلم ویلی کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔نیلم ویلی کے بازاروں میں اسٹریٹ لائٹس،پبلک مقامات اور بازاروں میں واش رومز ،بازاروں سے ٹریفک اڈوں کی منتقلی ،چلہانہ ماربل میں انفارمیشن آفس،سیاحت کے فروغ کے لیئے پبلک پارکوں کی تعمیر،ترجیعات میں شامل ہیں ضلع کونسل نیلم کو صرف تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے کی حد تک محدود نہیں بلکہ اپنے پائوں پر کھڑا کرکے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا موثر زریعہ بنائیں گے۔فرضی اور جعلی سکیموں کی چھان بین کی جائے گی ۔ادارہ کو میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق چلایا جائے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کے خوبصورت ویژن کی تکمیل کی جائے گی۔ماضی میں ادارہ میں ہونے والی جملہ بے ضابطگیوں کا ریکارڈ میڈیا کے سامنے جلد پیش کیا جائے گا۔ضلع کونسل کی آمدنی اور خرچ کی لسٹیں پرنٹ میڈیا ، سوشل میڈیا پر شائع کی جائیں گی ۔ضلع کونسل کی جملہ آمدنی زمین پر نظر آئیگی۔قیادت نے زمہ داریاں سونپ کر اپنا بوجھ ہم پر ڈال دیا اب زمہ داریاں احسن انداز میں نبھانا اور اعتماد پر پورا اترنا بڑا امتحان ہے انشاء اللہ سر خرو ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا نواز اعوان نے کہا کہ ضلع کونسل نیلم کو ماضی کی طرح کھائو پیو اور ٹائم گزارو کے سسٹم پر نہیں بلکہ عملاً ادارہ کی کارکردگی سامنے لائیں گے ۔ابتدائی مرحلہ میں نیلم کے بڑے تجارتی مراکز میں اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گے جس کا اسٹیمیٹ اور سروے جاری ہے ضلع کونسل نیلم کا عہدہ پارٹی قیادت اور کارکنان کی امانت ہے جسے قیادت کے ویژن کے مطابق چلائیں گے۔ادارہ کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جائے گا نیلم ویلی سیاحت کا مرکز ہے سیاحوں کی سہولیات کے لیئے پبلک پارک بنائیں گے ۔ضلع کونسل کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیئے حکومت کو فنڈز کی تحریک کی ہے ادارہ کی مکانیت کا پائیدار حل جلد نکل جائے گا ۔لیگی کارکنان کی محنت اور کاوش کی بدولت آج ہم اس مقام پر کھڑے ہیں انشاء اللہ واضع تبدیلی لائیں گے ۔وزیر اعظم فاروق حیدر اور شاہ غلام قادر کا بوجھ کم کریں گے لیگی کارکنان کے مسائل حل کیئے جائیں گے ضلع کونسل کو مضبوط اور فعال ادارہ بنائیں گے ۔نیلم ویلی کوترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔#