بلدیاتی الیکشن کے ذریعے مستقبل کی قیادت تیار کرینگے،فاروق حیدر

مظفرآباد(وقائع نگار)وزیر اعظم ازاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے اس مقصد کے لیے حکومت نے جاندار اقدامات اٹھائے ہیں اور میرٹ کی بحالی یقینی بنائی گئی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں نوجوانوں کو سامنے لائیں گے تاکہ مستقبل کی قیادت تیار ہو سکے۔مسلم لیگ ن یوتھ ونگ جماعت اور حکومت کا ہر اول دستہ ہے یوتھ کے کارکن یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں اور یوم یکجہتی کے جلسے کو تاریخی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔میاں محمد نواز شریف کشمیریوں کے محسن ہیں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قائد پاکستان کی مظفراباد امد سے جدوجہد ازادی میں مصروف کشمیریوں کے حوصلوں کو نئی جلا ملے گی۔5فروری کو مظفراباد میں یوم یکجہتی کے سلسلہ میں میاں محمد نواز شریف کا جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں یوتھ ونگ ازاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل سردار یاسر منشاء ،چیئرمین ایڈوائزری کونسل راجہ فرخ ممتاز، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار طارق، مرکزی رابطہ سیکرٹری راجہ شبیر ایاز اور دیگر شامل تھے۔ یوتھ ونگ کے وفد نے وزیر اعظم ازاد کشمیر کو نوجوانوں کے ایشوز پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنان5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے میں پوری قوت کے ساتھ شرکت کریں گے اور قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے ۔ وفد سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم ازاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا ابادی کا 60فیصد ہیں جن کی صلاحیتوں سے استفادہ کر کے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کر کے ان کی صلاحیتوں سے استفادے کے لیے کوشاں ہے۔ لیگی قیادت نے فیصلہ کر رکھا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں25فیصد کوٹہ نوجوانوںکے لئے مختص کیا جائے گااور نوجوان قیادت کو سامنے لایا جائے گا۔ حکومت ازاد کشمیر اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روز گار کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اس مقصد کے لیے پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کی گئی ہے آزاد کشمیر کے تمام محکمہ جات میں خالی جریدہ اسامیوں کی ریکوزیشنز پی ایس سی کو ارسال کی جا رہی ہیں تاکہ ایڈھاک ازم کا خاتمہ ممکن ہو اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کے مواقع مہیا ہوں اور انھیں کسی کی سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ازاد کشمیر میں نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کر رہے ہیں۔
